پاکستان دنیا کی تیسری بڑی کرپٹو مارکیٹ بن گیا

چیئرمین پاکستان ورچوئل ایسٹس ریگولیٹری اتھارٹی بلال بن ثاقب نےانکشاف کیا ہے کہ پاکستان دنیا کی تیسری بڑی کرپٹو مارکیٹ بن چکا ہے اور 4 کروڑ پاکستانیوں کے کرپٹو کرنسی میں اکاؤنٹ ہیں۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی رائے کابینہ سیکریٹریٹ کا اجلاس ہوا، جس میں بلال بن ثاقب نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پاکستان دنیا کی تیسری بڑی کرپٹو مارکیٹ بن چکا ہے اور 4 کروڑ پاکستانیوں کے کرپٹو کرنسی میں اکاؤنٹ ہیں۔

چیئرمین پاکستان ورچوئل ایسٹس ریگولیٹری اتھارٹی کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں پیسے کے تصور کے حوالے سے تبدیلیاں آئی ہیں۔ دبئی، تھائی لینڈ، سنگاپور کی حکومتیں بھی متبادل کرنسی کی جانب گئی ہیں۔ ہمارے نوجوان بھی خود کو معاشی خودمختار کرنا چاہتے ہیں۔

بلال بن ثاقب نے کہا کہ ٹیکنالوجی پرپابندی عائد کرنے کا مطلب اپنے آپ کو پابند کرنا ہے۔ پاکستان میں کرپٹو کے حوالے سے ریگولیٹری رجیم بنا دی گئی ہے۔ 5 ستمبرکے بعد ریگولیٹری اتھارٹی غیر قانونی ڈیجیٹل کمپنیوں کیخلاف کارروائی کرے گی۔

انہوں نے بتایا کہ ڈیجیٹل کرنسی میں عالمی کمپنیوں نے پاکستان میں این او سی کیلیے اپلائی کیا، ان میں بائننس، ایچ ٹی ایس نے ورچوئل ایسٹس ریگولیٹری اتھارٹی کے این او سی کیلئےاپلائی کیا۔

Back to top button