پاکستان اور چین کے درمیان 7 ارب ڈالر کے ایم او یوزپر دستخط

پاکستان اور چین کے درمیان 7 ارب ڈالر سے زائد مالیت کے معاہدے ہوگئے، وزیراعظم نے چینی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دے دی۔
وزیراعظم شہباز شریف چین کے سرکاری دورے پر ہیں، اس دوران پاکستان اور چین کی کمپنیوں کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے 7 ارب ڈالر سے زائد مالیت کے معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کر دیے گئے۔
شہبازشریف نے کہا ہے کہ چینی کمپنیاں اپنی صنعتیں پاکستان منتقل کریں، کراچی میں خصوصی اکنامک زون میں انہیں تمام تر سہولیات دیں گے۔
چین کے شہر ہانگژو میں منعقدہ پاکستان-چین بزنس ٹو بزنس انویسٹمنٹ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے چینی سرمایہ کاروں کو زراعت، آئی ٹی، خصوصی اقتصادی زونز، کانکنی اور معدنیات سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔
وزیراعظم نے کہا ہے کہ پاکستان کو قرضے اور امداد نہیں بلکہ سرمایہ کاری، مہارت اور مشترکہ ترقی درکار ہے، جبکہ اربوں ڈالر کی مفاہمتی یادداشتوں کو عملی معاہدوں میں تبدیل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی میں قائم خصوصی اقتصادی زون میں سرمایہ کاروں کو عالمی معیار کی سہولیات، ون ونڈو آپریشن اور طویل مدتی لیز پر زمین فراہم کی جائے گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان اب تک ہونے والی پانچ بزنس ٹو بزنس کانفرنسوں میں 20 ارب ڈالر سے زائد مالیت کی 200 سے زیادہ مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہو چکے ہیں، جن میں سے 30 فیصد عملی معاہدوں میں تبدیل ہو چکے ہیں۔
