پاکستان کو1000 ارب ڈالر کی معیشت بنانا ہے: احسن اقبال
وفاقی وزیر برائےمنصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا ہے کہ پاکستان کو 2035 تک ایک ہزار ارب ڈالر کی معیشت بنانا ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ 5 سالہ منصوبےاُڑان پاکستان کا آغاز ہوگیا ہے، ماضی میں پاکستان میں اڑان پاکستان کے مواقع ضائع ہوتے رہے، اب ہم اڑان کاموقع ضائع ہونے نہیں دیں گے اور پاکستان کو ایشین ٹائیگر بنائیں گے۔
انھوں نےکہا کہ پاکستان کو 2035 تک ایک ہزار ارب ڈالر کی صف اول کی معیشت بنانا ہے اور پاکستانی مصنوعات کو کوالٹی کا برانڈ بناتےہوئے ترقی کی شرح کو 8 سے 9 فیصد پر لانا ہے، اس کے لیےسیاسی انتشار اور نفرت کو خیرباد کہنا ہے۔
اپیکس کمیٹی : 26 نومبر کے احتجاج پر وزیراعظم اور گنڈاپور کے درمیان تلخ کلامی
وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا تھا 2018 سے 2022 تک ہم معاشی اورقرضوں کی دلدل میں پھنس گئے تھے، اب متحد ہوکرمعاشی ٹیک آف کرنا ہے، ہم 2029 تک ایک مضبوط معیشت کی بنیاد رکھیں گے، 2029 تک سالانہ برآمدات 60 ارب ڈالر تک لےجانی ہیں جس کے بعد اگلے 8 سے 10 سال میں سالانہ برآمدات کو 100 ارب ڈالر تک لے جائیں گے۔
انھوں نےپی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایک سیاسی جماعت نےقوم کو ڈپریشن میں ڈال دیا ہے، اس سیاسی جماعت نے قوم کا سیلف امیج تباہ کیا لیکن اب ہمیں منفیت سے نکلنا ہوگا اور ملک کی ترقی کے لیےمل کر آگے بڑھنا ہوگا۔