ایشیائی ترقیاتی بینک کاپاکستان کیلئے3.67 ارب ڈالر امداد کا اعلان

ایشیائی ترقیاتی بینک نے سال 2025 کے لیے پاکستان کے ساتھ اپنے تعاون کو مزید وسعت دیتے ہوئے مجموعی طور پر 3.672 ارب ڈالر کے نئے مالیاتی وعدوں کا اعلان کیا ہے
عالمی مالیاتی ادارے کی سالانہ رپورٹ کے مطابق یہ گزشتہ سال کے مقابلے میں 22 فیصد زیادہ سرمایہ کاری ہے، جس میں پہلی بار معدنیات کے شعبے کو بھی شامل کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اے ڈی بی نے پاکستان کے پبلک سیکٹر کے لیے 1.485 ارب ڈالر کی نئی مالی امداد کے وعدے کیے ہیں، جو کہ 2024 کے مقابلے میں ایک تہائی زیادہ ہے۔
بینک نے معدنیات سے مینوفیکچرنگ تک کی ویلیو چین کو مضبوط بنانے کے لیے پاکستان میں تانبے اور سونے کی کان کے منصوبے کے لیے ایک اختراعی مالیاتی پیکج کی منظوری بھی دی ہے، جس کا مقصد عالمی سطح پر تانبے کی سپلائی چین کو بہتر بنانا ہے۔
پاکستان کو درپیش مالیاتی دباؤ اور خسارے میں کمی کے لیے بینک نے 800 ملین ڈالر کے پیکج کا وعدہ کیا ہے، جس میں 300 ملین ڈالر کا پالیسی قرض اور 500 ملین ڈالر کی پالیسی گارنٹی شامل ہے۔
اس اقدام کا مقصد حکومت کو ٹیکس پالیسیوں میں بہتری، عوامی اخراجات کے انتظام اور ڈیجیٹلائزیشن کے ذریعے مالیاتی خسارے اور عوامی قرضوں کو کم کرنے میں مدد دینا ہے تاکہ سماجی شعبے پر اخراجات کے لیے گنجائش پیدا کی جاسکے۔
