پاکستان نے نئی تجارتی راہداری اختیار کرلی، کرغزستان کا پہلا ٹرک سوست پہنچ گیا

پاکستان نے ایک اہم سنگ میل عبور کرتے ہوئے نئی تجارتی راہداری کا آغاز کر دیا ہے جو افغانستان کے راستے سے گریز کرتا ہے اس طرح اس متبادل روٹ سے  کرغزستان سے آنے والا پہلا ٹرک سوست ڈرائی پورٹ پہنچ گیا۔

وفاقی مشیر برائے خزانہ خرم شہزاد کی جانب سے ایکس پر شیئر کیے گئے بیان کے مطابق اس پیشرفت کے ساتھ ایک ایسا نیا تجارتی راستہ قائم ہوا ہے جو افغانستان کو بائی پاس کرتا ہے۔

یہ تاریخی پیشرفت جو کہ دولت مشترکہ آزاد ریاستوں کے کسی ملک کی جانب سے اپنی ٹرانسپورٹ کے ذریعے پاکستان تک پہلی براہ راست رسائی ہے اور نجی شعبے کی قیادت میں اس کو ایک بڑی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔ اس سے وسط ایشیا اور پاکستان کے درمیان تجارت کے لیے ایک متبادل راہداری کھل گئی ہے اور روایتی راستوں پر انحصار کم ہوگا۔

یہ اقدام پاکستان کے معروف برآمد کنندہ ادارے ہیمانی گروپ کی کوششوں سے ممکن ہوا جو اس بات کو اجاگر کرتا ہے کہ نجی شعبہ سرحد پار تجارت اور لاجسٹکس میں جدت لانے میں کس قدر اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

اس کامیابی میں کرغزستان میں پاکستانی سفارتخانے کی مؤثر معاونت شامل رہی جبکہ آپریشنل سطح پر نیشنل لاجسٹکس کارپوریشن کے ایک شراکت دار کے ساتھ قریبی تعاون بھی کیا گیا۔

 

 

Back to top button