پاکستان امیگرنٹ ویزا سے متعلق امریکی حکام سے رابطے میں ہے،دفترخارجہ

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان امریکی امیگرنٹ ویزا کی پروسیسنگ سے متعلق امریکی حکام کے ساتھ رابطے میں ہے اور امید کی جا رہی ہے کہ امیگرنٹ ویزا کی معمول کی آن لائن پروسیسنگ جلد بحال ہو جائے گی۔
ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے کہا کہ پاکستان ایران میں صورتحال کی پیش رفت پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور پرامن حل کے لیے ہر ممکن کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان چاہتا ہے کہ ایران ایک پرامن اور مستحکم ملک کے طور پر موجود رہے، کیونکہ یہ دونوں ممالک کے عوام کے مفاد میں ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ ایران میں حالیہ احتجاجات عام شہریوں کو درپیش معاشی مشکلات کے باعث سامنے آئے ہیں، مگر امید ہے کہ ایرانی حکومت کے اعلان کردہ معاشی امدادی اقدامات عوام کی مشکلات کم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایران ایک مضبوط اور باحوصلہ قوم ہے جو ماضی میں متعدد چیلنجز پر قابو پا چکی ہے، اس لیے پاکستان کو ایرانی عوام اور قیادت کی دانشمندی پر مکمل اعتماد ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے پاکستانی شہریوں کے لیے ایران میں جاری ٹریول ایڈوائزری کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران کا سفر کرنے والے شہری زیادہ احتیاط اور حفاظتی تدابیر اختیار کریں، اور تہران میں پاکستانی سفارتخانہ ان کی معاونت کے لیے متحرک ہے۔
بھارتی الزامات کی سخت تردید:
ترجمان نے بھارتی آرمی چیف کے دہشتگردی کے الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی جانب سے لگائے گئے الزامات سیاسی مقاصد کے لیے گھڑی گئی من گھڑت کہانیاں ہیں۔ پاکستان کی دہشتگردی کے خلاف قربانیاں عالمی سطح پر تسلیم شدہ ہیں، اور بھارت کے الزامات خود اس کی ساکھ کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔
ترجمان نے مزید کہا کہ افغانستان سمیت خطے میں بھارت کی حمایت یافتہ دہشتگرد نیٹ ورکس کی نشاندہی ہوئی ہے، اور بھارت کی جانب سے ماورائے عدالت قتل اور ریاستی سرپرستی میں دہشتگردی کے واقعات ریکارڈ پر ہیں۔ پاکستان نے بھارت کو مشورہ دیا ہے کہ اشتعال انگیز بیانات سے باز رہے، کیونکہ بھارت میں بڑھتا ہوا انتہاپسندانہ اور مذہبی بنیادوں پر تشدد خطے کے لیے سنگین خطرہ ہے۔
