پاکستان اور ایران کادوطرفہ تجارت بڑھانےپراتفاق

مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کے باوجود پاکستان اور ایران کے درمیان دوطرفہ تجارتی حجم 10 ارب ڈالر تک بڑھانے پر اتفاق ہوگیا۔
اسلام آباد میں پاک ایران مشترکہ تجارتی کمیٹی کا دسواں اجلاس ہوا ۔
وزیر تجارت جام کمال خان اور ایرانی وزیر صنعت و تجارت نے اجلاس کی مشترکہ صدارت کی۔
وزارت تجارت کےمطابق 3 روزہ مذاکرات میں تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کے اہم شعبوں پر اتفاق رائے ہوا اور متفقہ فیصلوں پر فوری عمل درآمد کیلئےتکنیکی کمیٹیاں کام جاری رکھیں گی۔
حکام کا بتانا ہے کہ اجلاس کے دوران پاکستان اور ایران کا دوطرفہ تجارتی حجم 10 ارب ڈالر تک بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
ترجمان وزارت تجارت کے مطابق پاکستان اور ایران کے درمیان تجارتی معاہدے کے قواعد اور ٹیرف میں کمی کے طریقہ کار پر اہم پیش رفت ہوئی ہے جبکہ پاکستان اور ایران نے بزنس ٹو بزنس روابط کو مزید مضبوط بنانے،بارٹر ٹریڈ کے نظام کو وسعت دینے اور مؤثر بنانے پر اتفاق کیا ہے۔
