ایشیا کپ :فائنل سے پہلے کوچ کا 2 اہم بھارتی کھلاڑیوں کی فٹنس پر خدشات کا اظہار

ایشیا کپ 2025 کے اہم مقابلے میں پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں اتوار کے روز تیسری بار آمنے سامنے ہوں گی، تاہم اس بڑے ٹاکرے سے قبل بھارتی ٹیم کو ممکنہ طور پر بڑا دھچکا لگ سکتا ہے، کیونکہ بھارتی بولنگ کوچ مورنے مورکل نے آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا اور اوپنر ابھیشیک شرما کی فٹنس پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق ہاردک پانڈیا سری لنکا کے خلاف میچ کے دوران صرف ایک اوور کرانے کے بعد ہیمسٹرنگ انجری کا شکار ہو گئے تھے، جبکہ ابھیشیک شرما بھی دوران میچ ران کی تکلیف کے باعث میدان سے باہر چلے گئے تھے۔
مورنے مورکل کا کہنا تھا کہ دونوں کھلاڑیوں کی فٹنس کا بغور جائزہ لیا جا رہا ہے اور پاکستان کے خلاف ان کی شرکت کا فیصلہ میڈیکل رپورٹ کے بعد کیا جائے گا۔
پریس کانفرنس میں انہوں نے پاکستانی فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک جارح مزاج بولر ہیں، تاہم بھارتی بلے باز خصوصاً ابھیشیک شرما ان کے خلاف دلیرانہ انداز میں کھیلنے کے لیے تیار ہیں۔
بھارت کی انجری مشکلات کے باوجود شائقین کرکٹ پاکستان اور بھارت کے اس ہائی وولٹیج مقابلے کے شدت سے منتظر ہیں۔
