’’پاکستانی شائقین و صحافی تاحال بھارتی ویزوں کے منتظر کیوں‘‘

دنیائے کرکٹ کے سب سے بڑے ایونٹ کا آغاز ہونیوالا ہے جبکہ پاکستانی شائقین اور صحافیوں کو بھارتی حکومت کی جانب سے تاحال ویزے جاری نہیں کیے گئے ہیں، بھارتی ہائی کمیشن کے مطابق ویزا درخواستیں دینے والے تمام پاکستانیوں کو ویزے دیئے جائیں گے لیکن ہم اس سلسلے میں حکومتی ہدایات کے منتظر ہیں۔بھارت میں ہونے والے ورلڈ کپ کے لیے کئی پاکستانیوں نے اس امید پر ٹکٹ خرید رکھا ہے کہ وہ اپنی ٹیم کے لیے انڈیا میں موجود ہوں گے لیکن ابھی تک انڈین ہائی کمیشن ویزا مسائل حل کرنے میں ناکام دکھائی دے رہا ہے، انڈین ہائی کمیشن کے مطابق اُن تمام شائقین کرکٹ کو ورلڈ کپ کیلئے ویزا جاری کیا جائے گا جنہوں نے اس کے لیے درخواست دے رکھی ہے لیکن جب تک دہلی سے پالیسی واضح نہیں کی جاتی تب تک ہم کوئی قدم نہیں اٹھا سکتے۔لاہور کے سعید جٹ ایک پروفیشنل کرکٹر ہیں اور اس بار انہوں نے ورلڈ کپ دیکھنے کے لیے انڈیا جانا ہے، لیکن کئی روز سے وہ ویزا جاری ہونے کا انتظار کر رہے ہیں، بابر جالندھری بھی اِسی خواہش کے ساتھ اپنے ویزے کا انتظار کر رہے ہیں۔ وہ بتاتے ہیں کہ اُن کی انڈیا میں جان پہچان ہے لیکن پھر بھی ویزا مسائل کا سامنا ہے۔منیر ہوشیارپوری بھی بطور کرکٹ فین انڈیا میں ورلڈ کپ کے میچز دیکھنا چاہتے ہیں، وہ ریڈیو آر جے ہیں اور کرکٹ ان کے لیے جنون سے کم نہیں، لیکن ان کے لیے یہ جنون روز بروز ماند پڑتا جا رہا ہے کیونکہ ان کا ویزا بھی تاحال جاری نہیں ہوا۔اس وقت صرف شائقین کرکٹ ہی نہیں بلکہ وہ سپورٹس جرنلسٹس بھی ویزا کے منتظر ہیں جنہوں نے ورلڈ کپ کی کوریج کرنی ہے، نجی چینل سے وابستہ صحافی قادر خواجہ کا کہنا ہے کہ میرے جیسے کئی صحافی ویزا کا انتظار کر رہے ہیں، ہم نے پی سی بی کی انتظامی کمیٹی کے چیئرمین سے بھی بات کی ہے لیکن ان کا کہنا ہے کہ ابھی تک کوئی پالیسی واضح نہیں۔بھارتی کرکٹ بورڈ کے میڈیا ڈائریکٹر راج شیکھر راؤ نے بتایا کہ میں نے انڈین کرکٹ بورڈ کے میڈیا منیجر مولن پاریخ سے بھی رابطہ کیا تو ان کا جواب آیا کہ ’ہماری جانب سے تو آپ کو لیٹر دے دیا گیا ہے اس سے آگے ہم کچھ نہیں کر سکتے۔انڈین ایئرپورٹ پر پاکستان کرکٹ ٹیم کا تو والہانہ استقبال کیا گیا لیکن شائقین کرکٹ کے ساتھ مبینہ طور پر رویہ امتیازی رہا۔ قادر خواجہ بتاتے ہیں کہ کرکٹ مداح چاچا کرکٹ کے ساتھ انڈین ایئرپورٹ پر ایسا واقعہ پیش آیا کہ بتاتے ہوئے دُکھ ہو رہا ہے۔چاچا کرکٹ حیدرآباد میں پاکستانی ٹیم کو سپورٹ کرنے پہنچے تھے اور انہوں نے قومی جھنڈے کی نسبت سے کپڑے پہن رکھے تھے، ان کے پاس پاکستان کا قومی پرچم بھی تھا تاہم ائیرپورٹ پر سیکیورٹی حکام نے ان سے جھنڈا چھین لیا اور کہا کہ آپ پاکستانی جھنڈا نہیں لہرا سکتے، بابر جالندھری کا کہنا ہے کہ اگر ہمیں ویزا نہیں ملتا تو ٹکٹ ضائع ہو جائے گا لیکن اگر اس طرح کی صورت حال بنتی ہے تو ہم اپنے ٹکٹ انڈیا میں کسی کو دے دیں گے تاکہ کوئی تو جا کر میچ دیکھ سکے۔
