پاکستان کا افغانستان میں ناظم الامور کو سفیرکےعہدے پراپ گریڈکرنےکافیصلہ

پاکستان نے افغانستان میں ناظم الامور کو اپ گریڈ کرکے بحیثیت سفیر تعینات کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ایکس پر اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ 19 اپریل کو ان کے کابل دورے کے بعد سے پاکستان اور افغانستان کے درمیان تعلقات کی مثبت پیش رفت جاری ہے۔مثبت تعلقات کے اس سلسلے کو جاری رکھتے ہوئے، مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ پاکستان نے فیصلہ کیا ہے کہ اب کابل میں ناظم الامور کی بجائے سفیر تعینات کیا جائے گا۔
اسحاق ڈار نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ انہیں اعتماد ہے کہ اس اقدام سے پاکستان اور افغانستان 2 برادر ملکوں کے درمیان تعلقات کی گہرائی میں اضافہ ہو گا۔ دونوں ملکوں کے درمیان معاشی تعاون کو فروغ ملے گا اور سیکیورٹی، انسداد دہشتگردی، تجارتی تعاون اور دونوں ممالک کے درمیان تبادلوں میں اضافہ ہوگا۔
واضح رہے کہ حال ہی میں بیجنگ میں پاکستان، چین اور افغانستان کے درمیان سہ فریقی مذاکرات میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان سفارتی تعلقات بڑھانے اور سفیروں کی تعیناتی پر اتفاق کیا گیا تھا۔