پشاور،سی ٹی ڈی کی کارروائی میں اہلکار شہید، ایک دہشتگرد ہلاک

پشاور میں محکمہ انسداد دہشت گردی نے خفیہ اطلاع کی بنیاد پر ورسک روڈ پر کارروائی کی جہاں فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد ہلاک ہوگیا جبکہ سی ٹی ڈی اہلکار شہید اور تین زخمی ہوگئے۔

سی ٹی ڈی خیبرپختونخوا کے مطابق مصدقہ اطلاعات موصول ہوئی تھیں کہ تین خودکش حملہ آور پشاور میں داخل ہو چکے ہیں اور ایک حساس تنصیب کو نشانہ بنانے کی تیاری کر رہے ہیں تاہم انٹیلی جنس معلومات اور تفصیلی تکنیکی تجزیے کی بنیاد پر سی ٹی ڈی کی ٹیموں اور ڈسٹرکٹ پولیس نے متعلقہ انٹیلی جنس ادارے کی ٹیم کے ہمراہ گڑھی شیرداد، ورسک روڈ کے علاقے میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن شروع کیا۔

بیان میں کہا گیا کہ دوران آپریشن علاقے میں مؤثر ناکہ بندی قائم کی گئی جبکہ ڈرون کے ذریعے بھی نگرانی کی گئی، کارروائی کے دوران ایک دہشت گرد چھت پر پہنچا اور سی ٹی ڈی پارٹی پر فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہونے کی کوشش کی، جس پر سی ٹی ڈی جوانوں نے مؤثر جوابی کارروائی کی۔

فائرنگ کے تبادلے میں سی ٹی ڈی اہلکار محمد افاق نے جام شہادت نوش کیا جبکہ تین دیگر اہلکار زخمی ہوئے جبکہ مؤثر کارروائی کے نتیجے میں مذکورہ دہشت گرد کو ہلاک کر دیا گیا۔

Back to top button