سندھ کی تقسیم کسی صورت قبول نہیں،شرجیل میمن

سینئر وزیر سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ ہمیں صوبوں کی تقسیم قبول نہیں، ٹی وی چینلز کے سرویز سے کیا فرق پڑتا ہے؟
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ سندھ کی تقسیم کسی صورت قبول نہیں، سندھ اسمبلی اس حوالے سے قرارداد منظور کرچکی ہے۔ انہوں نے ایم کیو ایم پر لسانیت پھیلانے کے الزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو دوبارہ لسانیت کے حوالے نہیں کیا جاسکتا۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ افغانستان کی سرزمین پاکستان میں دہشت گردی کے لیے استعمال ہورہی ہے جس کی مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی افواج جرات اور بہادری کے ساتھ لڑ رہی ہیں، جس پر انہیں سلام پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے صدر آصف علی زرداری کے دورہ چین کا ذکر کرتے ہوئے پاک چین دوستی کو سراہا اور کہا کہ یہ دوستی ہمالیہ سے بلند اور سمندر کی گہرائی سے زیادہ گہری ہے۔ سندھ اور چین کا صوبہ حنان سسٹر صوبوں کے طور پر جانے جاتے ہیں۔
شرجیل میمن نے کہا کہ سندھ حکومت چین میں سرمایہ کاری کانفرنس منعقد کررہی ہے جس میں وزیراعلیٰ سندھ بھی شرکت کریں گے۔ چائنا الیکٹرک نے تھرکول منصوبے میں بھی سرمایہ کاری کی اور آئندہ سرمایہ کاری کانفرنس میں اربوں روپے کے معاہدے ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ عالمی سرمایہ کاروں کو سندھ لایا جائے۔ پیپلز پارٹی اپنے قیام سے ہی سازشوں اور پروپیگنڈے کا شکار رہی ہے۔ پاکستان میں 3 بڑی سیاسی جماعتیں ہیں ۔ پیپلز پارٹی کے ادوار میں بڑے منصوبے سامنے آئے۔
شرجیل میمن نے کہا کہ آئین پاکستان پیپلز پارٹی نے بنایا جبکہ ایٹمی طاقت اور میزائل ٹیکنالوجی بھی پیپلز پارٹی کے دور میں ممکن ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے 18 سال کا حساب دینے کے لیے تیار ہیں۔
سینئر وزیر نے کہا کہ صرف تھرکول پر ایک ارب ڈالر خرچ کیے گئے۔ تھرکول کا کوئلہ وفاق کو جاتا ہے اور کوئلہ سندھ میں نکل رہا ہے تو اس پر خوش ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا ک تھرپارکر کے کوئلے سے 2 سال تک بجلی ایکسپورٹ کی جاسکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پورے پاکستان کے لوگ علاج کے لیے کراچی آتے ہیں ، سندھ کے ہسپتالوں میں شناختی کارڈ نہیں پوچھا جاتا۔ سائبر نائف سندھ میں موجود ہے اور سندھ حکومت نے اس کے علاج کے لیے کوئی رقم مقرر نہیں کی، یہ سہولت مفت ہے۔ سندھ حکومت نے صوبے بھر میں ہسپتال بنائے ہیں، ایئر ایمبولینس سروس بھی شروع کی ہے جو سکھر اور کراچی سے چل رہی ہے۔ پھیپھڑوں اور جگر کی پیوند کاری کا علاج بھی مفت کیا جارہا ہے۔
