لانگ مارچ ،اسلام آباد اورپنجاب میں رینجرز کی تعیناتی کی منظوری

اسلام آباد اورپنجاب کے مختلف اضلاع میں تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے باعث رینجرز کی تعیناتی کی منظوری دے دی گئی۔

وزارت داخلہ نے چیف کمشنر اسلام آباد اور حکومت پنجاب کی درخواست پر رینجرز کی تعیناتی اور رینجرز کو قانونی اختیارات کے تحت مکمل معاونت کی اجازت دی گئی ہے۔

نوٹیفکشن میں کہا گیا ہے کہ انتشاری اور مسلح جتھوں کےحملوں پر رینجرز اورپولیس مناسب اور ضروری جوابی ایکشن لے اور رینجرزاورپولیس کسی بھی پرتشدد سرگرمی یا خطرے سے نمٹنےکے لیے مکمل اقدامات کرے۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ رینجرز اہلکار امن و امان اورسکیورٹی معاونت کے لیے تمام ضروری ذمہ داریاں سرانجام دیں گے۔

دوسری جانب پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے پیش نظر  اسلام آباد میں 2 ہزار کنٹینرز پہنچا دیے گئے  جبکہ 16  ہزار اہل کار تعینات ہوں گے۔

لانگ مارچ  کی وجہ سے پنجاب بھر میں دفعہ 144 نافذ ہے اور  رینجرز کو طلب کرلیا گیا ہے۔

ادھر پشاور سے اسلام آباد جانے والی موٹروے ایم ون بڑی گاڑیوں کے لیے بند ہے۔

ایم ون اسلام آباد ٹول پلازہ سے چھچھ ہر قسم کی ٹریفک کے لیے  اور ایم 14 بھی ہکلہ انٹرچینج سے کنڈل تک بند ہے۔ علاوہ ازیں پنجاب حکومت نے 27ستمبر سے موبائل اور انٹرنیٹ سروس سست کرنے کی درخواست کی ہے۔

حکومت نے وفاقی پولیس کو مظاہرین سے نمٹنے کے لیے نیٹ لانچر فراہم کر دیے ، مزاحمت، اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے والے مظاہرین کے خلاف نیٹ لانچر استعمال ہوگا۔

 

Back to top button