شہباز حکومت کا بڑی عید پر عوام کو بجلی کا بڑا جھٹکا

پٹرولیم مصنوعات میں ریلیف دینے والی شہباز حکومت نے بجلی بم گرا کر عوام کی بڑی عید کی خوشیاں غارت کر دیں نیشنل پاور ریگولیٹری اتھارٹی(نیپرا) نے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں پانچ روپے 72 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دے دی ہے۔ جبکہ حکومت نے آئی ایم ایف کو کوش کرنے کیلئےآئندہ مالی سال میں بجلی کے صارفین سے 2116 ارب روپے کیپسٹی چارجز لینے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
نیپرا نے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں 5.72 روپے فی یونٹ اضافے کی منظوری دے دی ہے۔ نیپرا نے بجلی کے ٹیرف میں اضافے کا فیصلہ وفاقی حکومت کو بھجوا دیا اور حکومت کی منظوری کے بعد فیصلے کا اطلاق ہو جائے گا۔نیپرا کا کہنا ہے کہ بجلی کے بنیادی ٹیرف میں اضافے کا اطلاق یکم جولائی 2024 سے کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاہم یہ فیصلہ کابینہ نے کرنا ہے کہ اضافہ مرحلہ وار ہو گا یا ایک ساتھ۔
خیال رہے کہ رواں مالی سال وفاقی حکومت نے بجلی کا بنیادی ٹیرف 7.50 روپے فی یونٹ تک بڑھایا تھا جبکہ گذشتہ مالی سال بجلی کے بنیادی ٹیرف میں 7.91 روپے فی یونٹ تک اضافہ کیا گیا تھا۔مالی سال 24-2023 کے لیے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں یکمشت اضافہ کیا گیا تھا جبکہ مالی سال 23-2022 میں بجلی کے بنیادی ٹیرف میں 3 مراحل میں اضافہ کیا گیا تھا۔
دوسری جانب آئی ایم ایف کو منانے کیلئے حکومت نے شرائط پر پیشگی عملدرآمد کرتے ہوئے آئندہ مالی سال میں بجلی کے صارفین سے 2116 ارب روپے کیپسٹی چارجز لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
امید ہے وزیر اعظم نے جو وعدے کیے تھے وہ پورے کریں گے، بلاول بھٹو
بجلی کے یونٹ کی بنیادی قیمت 27 روپے 66 پیسے فی یونٹ مقرر کی جا رہی ہے جس میں بجلی کی قیمت 9 روپے 69 پیسے جبکہ کیپسٹی چارجز 17 روپے 66 پیسے فی یونٹ مقرر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے بعد آئندہ مالی سال میں بجلی کے صارفین سے مجموعی طور پر 3277 ارب روپے وصول کئے جائیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کی شرط پر بجلی کی قیمت کی مد میں 1116 ارب روپے اور کیپسٹی چارجز کی مد میں 2116 ارب روپے وصول کئے جائیں گے، نیپرا نے آئندہ مالی سال میں صارفین کو بجلی کی فروخت سے متعلق فیصلہ جاری کردیا، فیصلے کا اطلاق ملک بھر کے تمام صارفین پر ہوگا۔
نیپرا ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ آئندہ مالی سال میں فرنس آئل سے 87 روپے فی یونٹ ،ونڈ سے 37 روپے اور سولر سے 36 روپے فی یونٹ بجلی پیدا کرنے کا تخمینہ لگایا گیا ہے جبکہ درآمدی کوئلے سے 371 روپے فی یونٹ بجلی پیدا ہوسکے گی۔ذرائع نے مزید بتایا کہ آئندہ مالی سال میں ایل این جی سے 30 روپے فی یونٹ ،پن بجلی کی پیداواری لاگت 6 روپے 18 پیسے فی یونٹ تک ہونے کا تخمینہ لگایا ہے۔
