امریکا کی یوم آزادی پر صدر زرداری کا تہنیتی خط، ٹرمپ اور عوام کو مبارکباد
صدر مملکت آصف علی زرداری نے امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور امریکی عوام کو امریکا کی آزادی کے 250 سال مکمل ہونے کے موقع پر دلی مبارکباد پیش کی ہے۔
آصف زرداری نے اپنے تہنیتی خط میں کہا ہے کہ امریکا طاقت، جدت، آزادی، جمہوریت اور مساوی مواقع جیسے بنیادی اصولوں سے وابستگی کی اپنی مضبوط روایت کو مسلسل آگے بڑھا رہا ہے۔پاکستانی عوام کی جانب سے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی اور کہا ہےکہ گزشتہ ڈھائی صدیوں کے دوران امریکی عوام کی کامیابیوں نے عالمی ترقی اور خوشحالی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
صدر مملکت نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان تعلقات باہمی احترام، مشترکہ مفادات اور امن، سلامتی و خوشحالی کے فروغ کے مشترکہ عزم پر مبنی ہیں۔ امریکا میں مقیم متحرک پاکستانی برادری نے دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ ان کے مطابق پاکستانی کمیونٹی کی کامیابیاں نہ صرف دونوں ممالک کے لیے باعثِ فخر ہیں بلکہ عوامی روابط، باہمی اعتماد اور دوستی کو بھی فروغ دیتی ہیں۔
آصف زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکا کے تعلقات مثبت سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں اور دونوں ممالک توانائی، تجارت، سرمایہ کاری، دفاع، انسدادِ دہشت گردی اور دیگر باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے پُرعزم ہیں۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایک مضبوط پاک امریکا شراکت داری علاقائی امن اور سلامتی کے لیے اہم ہے۔ ان کے مطابق گزشتہ برس مئی میں صدر ٹرمپ کی جانب سے دو جوہری صلاحیت رکھنے والی ریاستوں کے درمیان جنگ بندی کے لیے کی گئی ثالثی نے اس شراکت داری کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
الیکٹرک بس سروس پنجاب کی 147 تحصیلوں تک پھیلانے کا فیصلہ
صدر زرداری نے ایران کے ساتھ مذاکرات کے سلسلے میں پاکستان کے ثالثی کردار پر امریکا کے اعتماد کو بھی سراہا اور اس یقین کا اظہار کیا کہ دیرپا حل صرف مذاکرات، سفارت کاری اور کشیدگی میں کمی کے ذریعے ہی ممکن ہے۔
