وزیراعظم کی نواز شریف سے ملاقات،سیاسی امورپرمشاورت

وزیراعظم شہباز شریف کی صدر مسلم لیگ (ن) نواز شریف سے رائیونڈ لاہور میں اہم ملاقات ہوئی۔سیاسی امورپرمشاورت کی گئی
نوازشریف اورشہبازشریف کی ملاقات میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار بھی شریک تھے۔
وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیے کے مطابق ملاقات میں ملک کی مجموعی، سیاسی اور معاشی صورتحال پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا، جبکہ حکومتی امور اور آئندہ کی سیاسی حکمتِ عملی پر بھی مشاورت کی گئی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں آزاد جموں و کشمیر کے آئندہ انتخابات اور پارٹی کی انتخابی تیاریوں پر بھی غور کیا گیا۔ مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے انتخابی مہم کو مؤثر بنانے، اتحادی امور اور تنظیمی معاملات کا جائزہ لیا۔
دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری حالیہ دنوں میں آزاد کشمیر کے انتخابی جلسوں کے دوران مسلم لیگ (ن) کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔ انہوں نے اپنی تقاریر میں مسلم لیگ (ن) کی سیاسی کارکردگی اور انتخابی حکمتِ عملی پر سوالات اٹھائے، جبکہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت بھی ان بیانات کے جواب میں اپنی سیاسی مہم مزید تیز کرنے پر غور کر رہی ہے۔
