غزہ میں 136 گھنٹے طویل آپریشن کے بعد112 شہدا کی لاشیں برآمد

غزہ میں شہری دفاع کے عملے نے136گھنٹےکےطویل آپریشن میں جنوبی علاقے صبرہ میں ایک ہی خاندان کے گھروں کے ملبے سے 112 شہدا کی لاشیں نکال لیں۔
شہری دفاع کے ترجمان کے مطابق ٹیموں نے تقریباً دو ہفتے قبل الحساينۃ خاندان کے رہائشی بلاک میں لاشوں کی تلاش کا عمل شروع کیا تھا، اس رہائشی بلاک کو اسرائیلی فوج نے اس کے مکینوں سمیت تباہ کر دیا تھا۔
شہری دفاع کے عملے نے تقریباً 136 گھنٹوں کی مسلسل اور کٹھن کوششوں کے بعد 112 شہدا کی لاشیں اور باقیات برآمد کیں جن میں 40 بچے، 38 خواتین اور 7 معذور افراد شامل ہیں۔
ریسکیو آپریشن کے نگران کرنل محمد ابو دان نے بتایا کہ مزید 157 لاشیں بھی ملبے تلے دبی ہوسکتی ہیں تاہم ٹیمیں تاحال انہیں تلاش نہیں کرسکیں۔
انہوں نے کہا کہ امدادی ٹیموں کو تلاش کے دوران شدید مشکلات کا سامنا رہا کیونکہ انہیں ملبے میں اپنے ہاتھوں سے کھدائی کرنی پڑی۔
کرنل محمدابو دان کے مطابق بعض لاشیں اور باقیات کنکریٹ اور سریے میں بری طرح پھنسی ہوئی تھیں جو استعمال ہونے والے میزائلوں کی شدت اور تباہ کن اثرات کو ظاہر کرتی ہیں۔
