وزیراعظم کاہرجانہ کیس،عمران خان نے سپریم کورٹ سےرجوع کرلیا

وزیراعظم شہبازشریف کےہرجانہ کیس کیخلاف بانی پی ٹی آئی عمران خان نے سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا۔
بانی تحریک انصاف عمران خان نے سپریم کورٹ میں دائر درخواست میں عدالتی دائرہ اختیار کو چیلنج کرتے ہوئے استدعا کی ہے کہ ہرجانے کے مقدمے کی کارروائی اپیل کے فیصلے تک معطل کی جائے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ قانون کے تحت صرف ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کی عدالت کو ہرجانے کے کیس کی سماعت کا اختیار حاصل ہے۔
ایڈیشنل سیشن جج کی عدالت کے دائرہ اختیار پر اعتراض کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ متعلقہ جج نے اعتراض مسترد کر دیا، اور لاہور ہائی کورٹ نے بھی اس فیصلے کو برقرار رکھا۔
درخواست گزار نے سپریم کورٹ سے اپیل کی ہے کہ لاہور ہائی کورٹ اور ایڈیشنل سیشن جج کے احکامات کالعدم قرار دیے جائیں اور اپیل کے فیصلے تک لاہور ہائی کورٹ کے حکم پر عمل درآمد روکا جائے۔