پی ایس ایل 11: کس کھلاڑی کو کتنا انعام ملا؟

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا 11واں ایڈیشن اپنے اختتام کو پہنچ گیا۔ اس ایڈیشن کی نمایاں خصوصیت یہ رہی کہ پہلی بار آٹھ ٹیموں نے اس میں حصہ لیا۔
سب سے دلچسپ پہلو یہ تھا کہ لیگ میں پہلی مرتبہ شامل ہونے والی ٹیم حیدر آباد کنگزمین نے نہ صرف شاندار کھیل پیش کیا بلکہ فائنل تک بھی رسائی حاصل کی۔تاہم، فیصلہ کن معرکے میں اسے پشاور زلمی کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا اور پشاور زلمی نے پی ایس ایل کی تاریخ میں اپنا دوسرا ٹائٹل جیت لیا۔
بابر اعظم نے پی ایس ایل 11 میں 73 کی اوسط اور 145 کے سٹرائیک ریٹ کے ساتھ 11 اننگز میں 588 رنز بنائے۔ وہ ٹورنامنٹ کے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی رہے اور انہیں اس کارکردگی پر حنیف محمد کیپ سے نوازا گیا، جبکہ 35 لاکھ روپے انعام بھی دیا گیا۔
پشاور زلمی کے سفیان مقیم نے 11 میچز میں 22 وکٹیں حاصل کیں، ان کی بہترین کارکردگی 32 رنز کے عوض چار وکٹیں رہی۔ انہیں فضل محمود کیپ دی گئی اور 35 لاکھ روپے انعام ملا۔
فائنل میں پشاور زلمی کے آرون ہارڈی نے آل راؤنڈ کارکردگی دکھاتے ہوئے پلیئر آف دی میچ کا اعزاز حاصل کیا۔ انہوں نے 27 رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کیں اور پھر 39 گیندوں پر 56 رنز بناکر ٹیم کو فتح دلائی۔ انہیں دو لاکھ روپے انعام دیا گیا۔
پشاور زلمی کے فرحان یوسف کو ٹورنامنٹ کا بہترین فیلڈر قرار دیا گیا۔ انہوں نے 11 میچز میں 10 کیچز پکڑے، جن میں کئی مشکل کیچ بھی شامل تھے، اور انہیں 35 لاکھ روپے انعام ملا۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے شاداب خان کو بہترین آل راؤنڈر قرار دیا گیا۔ انہوں نے 10 میچز میں 173 رنز بنانے کے ساتھ 17 وکٹیں بھی حاصل کیں، جس پر انہیں 35 لاکھ روپے انعام دیا گیا۔
حیدر آباد کنگز مین کے فاسٹ بولر حنین شاہ کو 17 وکٹیں لینے اور عمدہ بولنگ کے باعث ایمرجنگ پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کا ایوارڈ دیا گیا۔ انہوں نے کئی مواقع پر اپنی ٹیم کو شکست سے بچایا اور انہیں 35 لاکھ روپے انعام دیا گیا۔
چیئرمین پی سی بی کا اگلے سال پی ایس ایل میں نئے وینیوز شامل کرنےکا اعلان
پشاور زلمی کے کوشل مینڈس نے بطور وکٹ کیپر عمدہ کارکردگی دکھائی، دو اہم کیچز پکڑے اور 11 اننگز میں 55 کی اوسط سے 550 رنز سکور کیے۔ انہیں بھی 35 لاکھ روپے انعام دیا گیا۔
