PTI کا بلے کے انتخابی نشان کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع

پی ٹی آئی نے بلے کے انتخابی نشان کے حصول کیلئے عدالت اعظمیٰ سے رجوع کر لیا ہے، پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر کی جانب سےعدالت عظمیٰ میں اپیل دائر کی گئی۔
درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ الیکشن کمیشن کی درخواست قابل سماعت ہی نہیں اور الیکشن کمیشن اس معاملے میں فریق ہی نہیں بنتا، الیکشن کمیشن نے بلے کا انتخابی نشان واپس لیتے وقت شواہد کو مدنظر نہیں رکھا اور بغیر شواہد فیصلہ کر کے بلے کا انتخابی نشان چھینا گیا۔
درخواست گزار کے مطابق پشاور ہائیکورٹ نے بھی فیصلے میں حقائق کو مدنظر نہیں رکھا اور فیصلے میں قانونی تقاضے پورے نہیں کیے گئے، دیگر سیاسی جماعتوں کے برعکس پی ٹی آئی کے خلاف امتیازی سلوک کیا جا رہا ہے۔
سپریم کورٹ میں غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا کہ چند اہم درخواستوں پر دستخط کرنے عدالت آیا اور بلے کے انتخابی نشان کے لیے درخواست جمع کروا دی ہے۔ سپریم کورٹ سے درخواست کریں گے ہمیں سنا جائے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے اپنی درخواست میں لکھا تھا یہ اہم ترین معاملہ ہے اور ہماری بھی یہی استدعا ہے کہ اسکروٹنی کا وقت ختم ہو رہا ہے ٹکٹ تقسیم کرنا ہے۔ کوشش ہے جلد سے جلد یہ کیس لگے اور اللہ کرے بلے کا نشان ملے ہمیں امید ہے۔
