پی ٹی آئی نےممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ چیلنج کر دیا

تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن کے ممنوعہ فنڈنگ کیس کے فیصلے کواسلام آبادہائیکورٹ میں چیلنج کردیا۔

ایڈیشنل سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی عمرایوب نے ممنوعہ فنڈنگ سے متعلق الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی۔

عمرایوب کی جانب سے دائردرخواست میں الیکشن کمیشن کو فریق بنایا گیا ہے، درخواست میں الیکشن کمیشن کی کارروائی غیر قانونی قراردینے اورممنوعہ فنڈنگ کیس میں شوکاز نوٹس بھی کالعدم قراردینے کی استدعا کی ہے۔

پی ٹی آئی نے اس کےعلاوہ ممنوعہ فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن کا 2 اگست فیصلہ بھی کالعدم قرار دینے کی استدعا کی۔

دوسری جانب تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اور سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں ایف آئی اے نوٹس کو پشاور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا۔

پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر نے ایف آئی اے کی جانب سے طلبی کے نوٹس کے خلاف پشاور ہائی کورٹ میں پٹیشن دائر کردی۔

سیاسی انتقام کے خاتمے کے لیے نیب ختم کر دینا چاہئیے

احاطہ عدالت میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ ضمانت قبل از گرفتاری نہیں کرانے آیا بلکہ نوٹس کے خلاف آیا ہوں، یہ اکاؤنٹ ہم نے صرف سہولت کے لئے کھولا تھا یہ غیر قانونی نہیں ہے، یہ اکاؤنٹ ہم نے ملازمین کی تنخواہوں اور دفتر کے اخراجات کے لئے کھولا تھا۔

سابق سپیکر نے کہا اکاؤنٹ سے 6 سال میں صرف 21 لاکھ روپے کی ٹرانزیکشن ہوئی ہے، اکاؤنٹ سے رقم جمع اور نکالنے کے تمام امور بذریعہ چیک ہوئے ہیں، اس کیس کی انکوائری ایف آئی اے کا اختیار نہیں ہے، پارٹی اس وقت ایک تحریک کے عمل سے گزر رہی ہے۔

Back to top button