کے-الیکٹرک صارفین کیلئے بجلی مہنگی کردی گئی

حکومت نے کے-الیکٹرک کے لیے سہ ماہی ٹیرف میں اضافے کو بجلی کی دیگر تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کے ساتھ ضم کرنے کی منظوری دے دی، جس کے تحت 4 روپے فی یونٹ اضافے کے ساتھ صارفین سے جولائی تا ستمبر کے بلوں میں 145 ارب روپے اکٹھے کیے جائیں گے۔

پاور ڈویژن کی درخواست پر ای سی سی نے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کو پالیسی ہدایات کی منظوری دی کہ اس درخواست کا نہ صرف یکساں اطلاق کے الیکٹرک صارفین پر کیا جائے بلکہ اس کا اطلاق کے الیکٹرک کے ماضی کے بقایا سہ ماہی ٹیرف ایڈجسٹمنٹس پر بھی ہونا چاہیے، نیپرا کی جانب سے پہلے ہی ڈسکوز کی درخواست 23 اگست کو سماعت کے لیے مقرر کی جاچکی ہے۔

پاور ڈویژن نے گزشتہ ماہ نیپرا کے سابقہ فیصلوں پر عمل درآمد کا مطالبہ کیا تھا جس میں کے-الیکٹرک صارفین کے لیے 23-2022 کی پہلی سہ ماہی (جولائی تا ستمبر) کے لیے 4.45 روپے فی یونٹ سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ اور 22-2021 کی دوسری سہ ماہی ( اکتوبر تا دسمبر) کے لیے 1.55 روپے فی یونٹ ایڈجسٹمنٹ کی درخواست کی گئی تھی۔

تاہم نیپرا نے تکنیکی بنیادوں پر ان اضافوں کی اجازت نہیں دی تھی اور کہا تھا کہ ان اضافوں کی اجازت صرف وفاقی حکومت کی واضح پالیسی ہدایات کے ساتھ دی جا سکتی ہے۔

Back to top button