فلسطینیوں کیلئےپاکستان سےامدادی کھیپ روانہ

پاکستان کی جانب سے فلسطین کے مظلوم عوام کی مدد کے لیے 15ویں انسانی امدادی کھیپ روانہ کردی گئی۔
این ڈی ایم اے نے بتایا کہ یہ کھیپ پاکستان کی جاری انسانی امدادی کوششوں کا حصہ ہے اور مجموعی طور پر 26ویں امدادی کھیپ ہے۔تازہ ترین امدادی کھیپ الخدمت فاؤنڈیشن کے تعاون سے بھیجی گئی ہے جس میں تقریباً 20 ٹن ادویات، 5 ٹن حفظان صحت کی کٹس اور 15 ٹن خیمے شامل ہیں۔
فلسطینیوں کیلئےیہ امداد ایک چارٹرڈ پرواز کے ذریعے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی سے اردن کے دارالحکومت عمان روانہ کی گئی ہے جہاں رائل میڈیکل سروسز آف اردن اس امداد کو وصول کر کے فلسطین میں ضرورت مند افراد تک پہنچائے گی۔
این ڈی ایم اے نے بتایا کہ اس تازہ کھیپ کے ساتھ پاکستان ابتک فلسطین کے لیے مجموعی طور پر 1,518 ٹن امدادی سامان روانہ کر چکا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ امداد اس مشکل گھڑی میں غزہ کے عوام کے ساتھ پاکستان کے غیرمتزلزل عزم اور اخوت کا مظہر ہے۔