پاکستان سے پہلی حج پرواز 29 اپریل کو روانہ ہوگی

وزارت مذہبی امور نے حج آپریشن کے تمام انتظامات مکمل کر لیے۔پاکستان سے پہلی حج پرواز 2روز بعد 29 اپریل کو روانہ ہوگی۔
سی او او و ایئرپورٹ منیجر آفتاب گیلانی نے کہا اسلام آباد ایئرپورٹ پر روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کی سہولت کے تمام انتظامات مکمل ہیں، روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کے تحت اسلام آباد ایئرپورٹ پر امیگریشن کے 7 خصوصی کاونٹر قائم کر دیئےگئے ہیں ۔ روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کے تحت عازمین کو امیگریشن کی خصوصی سہولت مہیا کی جائے گی۔
آفتاب گیلانی کا کہنا تھا کہ روڈ ٹو مکہ حج پروجیکٹ میں حصہ لینے کے لیے سعودی امیگریشن حکام کا 45 رکنی وفد آج اسلام آباد پہنچا۔
سعودی حکام اسلام اباد اور کراچی میں 29 اپریل سے شروع ہونے والے حج اپریشن میں خدمات سرانجام دیں گے۔
وزارت مذہبی امورحکام کے مطابق روڈ ٹو مکہ پروجیکٹ کے تحت پاکستان سے پروازوں کے ذریعے 50 ہزار 500 عازمین سعودی عرب جائیں گے۔
اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے روڈ ٹو مکہ پروجیکٹ کے تحت 29 ہزار عازمین سعودی عرب جائیں گے۔
آفتاب گیلانی کا کہنا تھا کہ روڈ ٹو مکہ کے تحت اسلام آباد سے 100، کراچی سے 80 پروازیں آپریٹ ہوں گی، روڈ ٹو مکہ پروجیکٹ میں پاکستانی عازمین حج کی امیگریشن سعودی عرب کی بجائے پاکستان میں ہی مکمل ہوگی۔