ملک بھر میں پی ٹی آئی کے پرتشدد مظاہرے، متعدد گرفتار

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان پر گزشتہ روز ہونے والے حملےکیخلاف پی ٹی آئی کارکنوں نے ملک بھر میں پرتشدد مظاہرے شروع کر دیئے ہیں۔

پی ٹی آئی کارکنان کی بڑی تعداد گورنر ہاؤس پنجاب کے باہر جمع ہوگئی، مشتعل مظاہرین کو گورنر ہاؤس پنجاب کے باہر ٹائروں کو نذر آتش کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے جبکہ کچھ مظاہرین نے عمارت میں داخل ہونے کی کوشش کرتے ہوئے سی سی ٹی وی کیمرا بھی توڑ دیے ہیں جہاں پولیس اور مظاہرین کو درمیان ہاتھا پائی بھی ہوئی۔
پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان پر حملے کے خلاف کارکنوں نے لاہور کے مختلف مقامات پر احتجاج کیا، پی ٹی آئی کارکنوں نے مال روڈ پر گورنر ہاؤس کے گیٹ کے باہر توڑ پھوڑ کی اور ٹائر جلائے۔
لانگ مارچ میں سکیورٹی کی ناکامی کا ذمہ دار کون ہے؟
پی ٹی آئی کارکنوں کے احتجاج کے باعث مال روڈ پر ٹریفک جام ہوگیا جبکہ ٹھوکر نیاز بیگ، شاہدرہ چوک اور جی پی او چوک میں ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہے۔
فیض آباد میں عمران خان سے اظہار یکجہتی کے لیے ریلی کے دوران پولیس اور پی ٹی آئی کارکنان کے درمیان کشیدگی، فیض آباد پل کے نیچے سے پی ٹی آئی کارکنان نے اسلام آباد پولیس پر پتھراؤ کیا جس کے بعد پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے شیلنگ کردی،اور پولیس نے دو مظاہرین کو حراست میں لے لیا ہے۔

اسلام آباد پولیس نے اپنے ایک بیان میں بتایا ہے کہ فیض آباد کے مقام پر راولپنڈی کی جانب مظاہرین جمع ہیں جن میں کچھ لوگ ڈنڈے، غلیلیں اور پتھر اٹھائے ہوئے ہیں۔ ان مظاہرین میں اسلحہ بردار بھی موجود ہو سکتے ہیں جبکہ راولپنڈی سے مظاہرین اسلام آباد پولیس پر پتھراؤ کر رہے ہیں۔ راولپنڈی انتظامیہ مظاہرین کو غیر قانونی عمل سے روکے۔
پولیس نے بتایا ہے کہ مظاہرین میں کم عمر بچے بھی موجود ہیں اور عوام پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے بچوں کو کسی بھی ’غیر قانونی عمل‘ کا حصہ بننے سے روکیں۔

شہر قائد کے مختلف علاقوں میں پی ٹی آئی کارکنوں نے شدید احتجاج کیا اور حکومت مخالف نعرے بازی کی، اس دوران پولیس اور کارکنوں کے درمیان تصادم ہوا۔ متعدد کارکنوں کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز عمران خان پر فائرنگ کے واقعہ کے بعد اسد عمر نے بیان میں کہا تھا کہ عمران خان نے وزیراعظم شہبازشریف، وزیرداخلہ رانا ثنا اللہ اور ایک ریاستی ادارے کے افسر کو ذمہ دار قرار دیتے ہوئے تینوں کو عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے۔
