pti کی عمران خان سے ملاقات نہ ہونےپربجٹ اجلاس کےبائیکاٹ کی دھمکی

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کل تک بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہ کرانے کی صورت میں بجٹ اجلاس کے بائیکاٹ کی دھمکی دیدی۔
بیرسٹر گوہر نے قومی اسمبلی میں کہا کہ عدالتی احکامات کے باوجود 34 ہفتے سے ملاقات نہیں کرائی گئی، ساتھ ہی دھمکی دی کہ کل تک بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہیں کرائی گئی تو بجٹ اجلاس کا بائیکاٹ کریں گے۔
چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے زور دیا کہ سپیکر قومی اسمبلی اس سے متعلق رولنگ جاری کریں جس پرسردارایاز صادق نے کہا اگر عمران خان اس ایوان کے رکن ہوتے تو پروڈکشن آرڈر جاری کردیتے ، 3 بار حکومت اپوزیشن کو ایک میز پر بٹھایا مگر آپ لوگ نہیں آتے۔
بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات نہ کرانے پر تحریک انصاف نے احتجاجاً ایوان سے واک آؤٹ کیا۔
میڈیا سے گفتگو میں بیرسٹر گوہر نے کہا یہ عوام دوست بجٹ نہیں ہوگا، پہلے ہی مہنگائی زیادہ ہے، عوام کو ریلیف ملنا چاہیے۔

Back to top button