قطرنےفلسطینی گروہ کو جنگ بندی کی خلاف ورزی کاذمہ دارقرار دیدیا

قطر کے وزیر اعظم شیخ محمد بن عبدالرحمن بن جاسم آل ثانی نے ایک ’ فلسطینی گروہ’ کو جنگ بندی کی خلاف ورزی کا ذمہ دار ٹھہرا دیا۔
نیویارک میں کونسل آن فارن ریلیشنز میں گفتگو کرتے ہوئے قطری وزیراعظم نے میزبان ایمن محی الدین کو بتایا کہ اسرائیلی فوجیوں پر حملہ ’ بنیادی طور پر فلسطینی فریق کی جانب سے ایک ’خلاف ورزی‘ تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگرچہ حماس نے ایک بیان جاری کیا ہے کہ ان کا اس گروہ سے کوئی رابطہ نہیں، لیکن ’ اس بات کی تصدیق نہیں ہو سکی کہ یہ بات درست ہے یا نہیں۔’
خیال رہے کہ 28 اکتوبر کو اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے حماس پر امن معاہدے کی خلاف ورزی کا الزام لگاتے ہوئے غزہ میں حملے کا حکم دیا تھا، الجزیرہ کے مطابق غزہ کی وزارت صحت نے بتایا تھا کہ صہیونی فوج کے حملوں میں 104 فلسطینی شہید ہوئے، جن میں زیادہ تر عورتیں اور بچے شامل تھے۔
اسرائیل نے دعویٰ کیا تھا کہ اس کے حملوں کا ہدف حماس کے سینیئر جانباز تھے، جن میں سے درجنوں شہید ہوگئے، اور بعد میں کہا کہ وہ بدھ کی دوپہر سے دوبارہ جنگ بندی پر عمل شروع کرے گا۔
قطر کے وزیرِاعظم نے کہا کہ ’ہم دونوں فریقین کے ساتھ بہت سرگرمی سے رابطے میں ہیں تاکہ جنگ بندی برقرار رہے، امریکا کی شمولیت، یقیناً، اس معاملے میں کلیدی رہی، اور میری رائے میں جو کچھ کل(منگل) کو ہوا، وہ ایک خلاف ورزی تھی۔
