پنجاب اور کراچی میں طوفانی بارشوں سے حادثات، 13 افراد جاں بحق

پنجاب کے مختلف شہروں اور اسلام آباد میں طوفانی بارشوں اور تیز آندھی کے نتیجے میں پیش آنے والے مختلف حادثات میں کم از کم 13 افراد جاں بحق ہو گئے۔ جب کہ کراچی میں موسلادھار بارش سے 200 سے زائد فیڈرز ٹرپ کرگئے۔

صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق پنجاب میں بارش سے اگرچہ گرمی کی شدت میں کچھ کمی ضرور آئی،تاہم شہری علاقوں میں پانی جمع ہونے کے باعث معمولات زندگی شدید متاثر ہوئے۔

ریسکیو 1122 کی رپورٹ کےمطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 46 افراد کو ایمرجنسی سروسز فراہم کی گئیں،جن میں سے 39 کو مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا، جب کہ 7 افراد جانبر نہ ہوسکے۔سب سے زیادہ حادثات اوکاڑہ میں پیش آئے جہاں 8 واقعات رپورٹ ہوئے، اس کے علاوہ ملتان میں 4، فیصل آباد، منڈی بہاؤالدین، جھنگ اور چنیوٹ میں 2، جب کہ لاہور،قصور،جہلم، ساہیوال، مری،مظفرگڑھ، بہاولنگر اور خانیوال میں ایک ایک حادثہ پیش آیا۔

جہلم اور مظفرگڑھ میں 2،2 افراد جاں بحق ہوئے،جب کہ اوکاڑہ، بہاولنگر اور خانیوال میں ایک، ایک شخص زندگی کی بازی ہار گیا۔

تفصیلات کے مطابق اوکاڑہ کے علاقے بستی ریاض آباد میں بانس کی چھت گرنے سے 5 سالہ بچی دعا فاطمہ جاں بحق جبکہ دو افراد زخمی ہوئے۔ جہلم میں ایک لوڈر رکشہ سڑک پر جمع پانی کے نالے میں گرنے سے 2 افراد کی موت واقع ہوئی۔

مظفرگڑھ میں ایک گھر کی دیوار گرنے سے 2 افراد ملبے تلے دب کر جاں بحق ہوئے، قصور میں چھت گرنے کے باعث 2 لڑکیاں جان سے گئیں۔

بہاولنگر میں بھی اسی نوعیت کا ایک اور حادثہ پیش آیا۔خانیوال اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں کھیتوں میں کام کے دوران آسمانی بجلی گرنے سے دو کسان جاں بحق ہو گئے۔

پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کےمطابق فیصل آباد کے جی ایم اے ٹاؤن میں 98 ملی میٹر اور مدینہ ٹاؤن میں 91 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ لاہور کے نشتر ٹاؤن میں 50 ملی میٹر، ایئرپورٹ پر 24 ملی میٹر، اور دیگر علاقوں میں 15 ملی میٹر بارش ہوئی۔

شیخوپورہ میں 50، قصور میں 63، جوہرآباد میں 48، چکوال میں 28، سرگودھا میں 45، میانوالی میں 10، چنیوٹ میں 22، نارووال میں 17، راولپنڈی میں 18، اٹک میں 12، گجرات اور مظفر گڑھ اور نورپور تھل میں 5، منگلا اور سیالکوٹ میں 2، جب کہ ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ اور راولا کوٹ میں 1 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

شدید بارش کے نتیجے میں لاہور، فیصل آباد اور ملتان سمیت متعدد شہروں میں شہری سیلاب جیسی صورت حال پیدا ہوگئی، سڑکیں اور انڈر پاسز زیر آب آ گئے، جس سے ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہوئی اور کئی علاقوں میں بجلی کی بندش کا سامنا کرنا پڑا۔

جب کہ جمعرات کو اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت گرد و نواح میں بھی موسلا دھار بارش کے دوران پیش آنےوالے مختلف حادثات میں کم از کم 3 افراد جاں بحق ہو گئے،جب کہ راول ڈیم میں پانی کی سطح میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیاگیا۔

ان حادثات میں ایک افسوس ناک واقعہ آئی جے پی روڈ پر کیریج فیکٹری کے قریب پیش آیا،جہاں ایک بجلی کا کھمبا ایک کار پر جاگرا۔یہ واقعہ سبزی منڈی تھانے کی حدود میں دوپہر تقریباً 2 بج کر 45 منٹ پر پیش آیا۔پولیس کےمطابق کھمبا غالباً بارش کے باعث گرا۔

حکام کے مطابق گاڑی میں 5 افراد سوار تھے جن میں دو خواتین بھی شامل تھیں۔ حادثے میں 50 سالہ ڈرائیور راشد نیاز اور 12 سالہ محمد بن عامر جاں بحق ہو گئے،دونوں کا تعلق راولپنڈی سے تھا۔ زخمی خواتین کو طبی امداد کے بعد اسپتال سے فارغ کر دیا گیا۔

ایک اور واقعے میں راولپنڈی کے علاقے بھوسہ گودام کے قریب ایک نالے سے ایک خاتون کی لاش برآمد ہوئی، جس کی شناخت انعم بشیر کے نام سے ہوئی۔ وہ ایک نجی اسکول میں استاد تھیں اور افشاں کالونی میں رہائش پذیر تھیں۔

پولیس کےمطابق انعم بدھ کے روز دفتر جانے کےلیے اسلام آباد کی جانب روانہ ہوئی تھیں اور ٹیکسی بُک کی تھی، تاہم وہ بارش کے دوران لاپتہ ہوگئیں۔بعد ازاں ان کی گاڑی ویسٹریج کے قریب ایک نالے کے پاس تباہ شدہ حالت میں ملی۔گاڑی کا ڈرائیور حسنین تاحال لاپتہ ہے۔

پولیس کاکہنا ہےکہ گاڑی ممکنہ طور پر رینج روڈ کے نالے میں پھنس گئی تھی۔ انعم کی لاش اسپتال منتقل کی گئی، جہاں اہل خانہ نے ان کی شناخت کی اور پوسٹ مارٹم کرانے سے انکار کرتےہوئے موت کو حادثاتی قرار دیا۔

دوسری جانب کراچی کے مختلف علاقوں میں تیز بارش سے موسم خوش گوار ہوگیا تاہم موسلادھار بارش کے باعث  ساتھ ہی 200 سے زائد فیڈرز ٹرپ کرگئے۔

ذرائع کے مطابق گلشن اقبال، گلشن معمار، ناظم آبا062F سرجانی کے فیڈرز ٹرپ ہوئے، اولڈ سٹی ایریا، نیوکراچی، جمشید ٹاؤن، نارتھ ناظم آباد، سرجانی میں بجلی معطل ہے۔

اس کے علاوہ کیماڑی، لیاری، ہاکس بے، ماڑی پور، قائدآباد کے علاقے بھی بجلی سے محروم ہیں۔جب کہ  کورنگی، پی آئی بی اور پی ای سی ایچ ایس کے علاقے بھی فیڈرز ٹرپ ہونے سے متاثر ہیں۔

Back to top button