بھارت سےمسئلہ کشمیر سمیت جامع مذاکرات کیلئےتیار ہیں،اسحاق ڈار

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان بھارت کے ساتھ مسئلہ کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب معاملات پر جامع مذاکرات کے لیے تیار ہے۔
میڈیا سے گفتگو میں اسحاق ڈار نے بتایا کہ پاک بھارت جنگ بندی معاہدے پر عمل درآمد جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جنگ بندی کے لیے بھارت نے امریکا سے رابطہ کیا تھا، جس پر مجھے امریکا سے فون آیا اور میں نے واضح کیا کہ پاکستان نے کبھی جنگ کا ارادہ ہی نہیں رکھا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے کسی سے نہیں کہا کہ بھارت کے ساتھ ہمیں بٹھایا جائے۔ تجویز دی گئی تھی کہ کسی نیوٹرل مقام پر ملاقات ہو، جس پر میں نے کہا تھا کہ اگر ضرورت پڑی تو پاکستان تیار ہے۔ تاہم، بھارت کے ساتھ مذاکرات کسی ایک نکاتی ایجنڈے پر نہیں بلکہ مسئلہ کشمیر سمیت تمام معاملات پر ہوں گے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ بھارت کی جانب سے بلاوجہ بیان بازی معمول بن چکی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ امریکی وزیر خارجہ کے پاکستان کے دورے کی کوئی تاریخ طے نہیں ہوئی جبکہ میرا بنگلادیش کا دو روزہ دورہ طے ہے، جس کا مقصد دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید قریب لانا ہے۔
