ریکوڈک منصوبہ بلوچستان کے معاشی منظرنامے کوبدل دےگا،وزیرخزانہ

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ ریکوڈک کا منصوبہ بلوچستان کے معاشی منظرنامے کو بدلنے اور پاکستان کے عوام کے لیے وسیع تر فوائد پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

وفاقی وزیر خزانہ نے ان خیالات کا اظہار اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ریکوڈک منصوبے سے متعلق اہم معاہدوں اور مالیاتی امور پر غور کیا گیا۔

ای سی سی نے پٹرولیم ڈویژن کی جانب سے پیش کی گئی سمری پر غور کیا جس میں ریکوڈک منصوبے کی فنانسنگ سے متعلق حتمی معاہدوں اور مالی ذمہ داریوں کی منظوری کی سفارش کی گئی تھی۔

کمیٹی نے مجوزہ معاہدوں کی شرائط کی منظوری دی اور ہدایت کی کہ اگر معاہدوں کی حتمی دستاویزات میں کوئی بنیادی تبدیلی سامنے آتی ہے جسے منصوبے کے قانونی اور مالی مشیران اور ریکوڈک مائننگ کمپنی توثیق کریں، تو اسے دوبارہ ای سی سی کے سامنے منظوری کے لیے پیش کیا جائے۔

مزید برآں، اجلاس میں وزارتِ ریلوے کی سمری پر بھی غور کیا گیا جس میں ریکوڈک مائننگ کمپنی کے ساتھ ریلوے ڈیولپمنٹ ایگریمنٹ اور برج فنانسنگ ایگریمنٹ شامل تھے۔

اس معاہدے کے تحت 390 ملین امریکی ڈالر کی برج فنانسنگ فراہم کی جائے گی تاکہ بلوچستان کی کانوں سے برآمدی مواد کی ترسیل کے لیے 1350 کلومیٹر طویل ریلوے ٹریک بچھایا جا سکے۔

Back to top button