اداکارہ صبا فیصل بیٹوں کی حمایت پرتنقید کی زد میں

معروف اداکارہ صبا فیصل بیٹیوں کے مقابلے میں بیٹوں کو ترجیح دینے کے بیان پر تنقید کی زد میں آ گئی ہیں، صبا فیصل کی جانب سے بیٹے ہونے کی اہمیت پر بات کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد لوگوں نے انہیں تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے تجویز دی کہ وہ گھریلو اور عامیانہ باتیں کرنے کے بجائے اپنی اداکاری پر توجہ دیں۔صبا فیصل کی وائرل ہونے والی ویڈیو میں وہ اپنی بہن کی بات بتاتی دکھائی دیتی ہیں، جس میں انہوں نے بیٹیوں کے مقابلے بیٹے ہونے کو اہم قرار دیا، اداکارہ بتاتی ہیں کہ ان کی بہن کے شوہر کا انتقال ہو چکا ہے جبکہ ان کی بہن کی دو ہی بیٹیاں ہیں جو پڑھائی کے سلسلے میں بیرون ملک رہتی ہیں، اس لیے اب ان کی بہن یہاں اکیلی رہتی ہیں اور وہ ہر وقت پریشان رہتی ہیں۔اداکارہ کا کہنا تھا کہ کچھ دن قبل ان کی بہن کی گاڑی خراب ہوگئی تو انہوں نے انہیں فون کیا اور اپنی پریشان اور ڈپریشن کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے اداکارہ کو بتایا کہ اگر ان کے بیٹے ہوتے تو ایسا نہ ہوتا، صبا فیصل نے دعویٰ کیا کہ اگر ان کی بہن کے بیٹے ہوتے تو وہ ان کے ساتھ ہوتے یا اگر وہ ساتھ نہ بھی ہوتے تو ان کے ہونے کا احساس بھی ان کی بہن کو پریشانی سے بچاتا۔صبا فیصل نے مزید کہا کہ جن کی بیٹیاں ہیں وہ شکر ادا کریں لیکن جن کے بیٹے نہیں ہیں وہ یہ نہ کہا کریں کہ وہ بہت خوش ہیں، ان کی بہن پہلے یہی کہا کرتی تھی کہ ان کے بیٹے نہیں ہیں، اس لیے وہ بہت خوش ہیں، اپنی بات میں تسلیم کیا کہ بیٹوں کے مسئلے بھی بہت ہوتے ہیں۔اداکارہ کی ویڈیو وائرل ہونے اور ان کی جانب سے بیٹیوں کے مقابلے بیٹوں کو زیادہ اہم قرار دیئے جانے پر لوگوں نے انہیں اڑے ہاتھوں بھی لیا اور انہیں تجویز دی کہ وہ ایسی فضول باتیں کرنے کے بجائے اپنی اداکاری پر توجہ دیں۔

Back to top button