سعودی اور ایرانی وزرائے خارجہ کارابطہ،مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر تبادلہ خیال

سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان اور ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں مشرق وسطیٰ کی صورتحال اور پاکستان کی جانب سے جاری سفارتی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سعودی خبر رساں ایجنسی کے مطابق دونوں رہنماؤں نے ایران اور امریکا کے درمیان جاری سفارتی مذاکرات اور پاکستان کی ثالثی سے متعلق پیشرفت کا جائزہ لیا۔
دوسری جانب سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے پاکستان کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے بھی ٹیلیفون پر گفتگو کی، جس میں خطے کی تازہ صورتحال، امن و استحکام اور سفارتی اقدامات پر بات چیت کی گئی۔
پاکستانی دفتر خارجہ کے جاری کردہ بیان کے مطابق سعودی وزیر خارجہ نے خطے میں امن کے فروغ کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہا اور ایران و امریکا کے درمیان جاری رابطوں میں اسلام آباد کی سفارتی کوششوں کی حمایت کا اعادہ کیا۔
بیان میں کہا گیا کہ دونوں رہنماؤں نے آبنائے ہرمز سمیت سمندری راستوں کی سیکیورٹی کی اہمیت پر بھی تبادلہ خیال کیا اور اس بات پر اتفاق کیا کہ خطے اور عالمی صورتحال پر قریبی رابطہ برقرار رکھا جائے گا۔

Back to top button