ایران کی مدد کاالزام،برطانیہ نے12افراد اوراداروں پرپابندیاں لگادیں

برطانیہ نے ایران سے وابستہ 12 افراد اور اداروں پر نئی پابندیاں کا اعلان کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ یہ افراد برطانیہ اور دیگر ممالک میں تخریبی سرگرمیوں میں ملوث تھے۔
برطانوی دفترِ خارجہ نے بتایا کہ ان افراد اور اداروں پر عائد پابندیوں کا مقصد انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں، بیرونِ ملک دشمنانہ سرگرمیوں اور برطانیہ کے خلاف مبینہ خطرات کو روکنا ہے۔
برطانوی حکومت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ان افراد پر حملوں کی منصوبہ بندی، خفیہ کارروائیاں اور ایسے گروہوں کی مالی معاونت شامل ہے جن پر عدم استحکام پھیلانے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ عائد کی گئی پابندیوں میں اثاثے منجمد کرنا، سفری پابندیاں اور بعض افراد کے لیے کمپنی ڈائریکٹر بننے پر پابندی جیسے اقدامات شامل ہیں۔
برطانیہ کے موجودہ قوانین کے تحت برطانوی شہریوں، کمپنیوں اور اداروں کو پابندیوں کی زد میں آنے والے افراد یا تنظیموں کو مالی یا تجارتی سہولت فراہم کرنے سے منع کیا گیا ہے۔
بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ یہ کارروائی ایران سے منسلک نیٹ ورکس اور پراکسی گروہوں کی سرگرمیوں کے خلاف کی گئی ہے جن پر یورپ میں حملوں اور خفیہ آپریشنز میں ملوث ہونے کے شبہات ہیں۔
