سلیم مانڈوی والا کابیرسٹرگوہرکی عمران خان سے ملاقات کاانکشاف

پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیئر رہنما سلیم مانڈوی والا نے انکشاف کیا ہے کہ عمران خان کی طبیعت بالکل ٹھیک ہے اور بیرسٹر گوہر کی ان سے ملاقات بھی ہوئی ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ جس طرح سہیل آفریدی میڈیا پر آنا شروع ہوئے ہیں اور لانگ مارچ کی کال بھی دی ہے، اس سے متعلق انہیں کسی ڈیل یا معاملات طے پانے کی کوئی معلومات نہیں۔
انہوں نے کہاکہ انہیں اس حوالے سے کوئی علم نہیں، کبھی معاملات بنتے ہیں اور میرے خیال میں کبھی نہیں بنتے۔
عمران خان کی صحت کے حوالے سے چلنے والی خبروں پر بات کرتے ہوئے سلیم مانڈوی والا نے کہاکہ انہیں لگتا ہے کہ یہ خبریں بھی غلط ہیں۔ کل وہ کہیں موجود تھے تو وہاں انہیں بتایا گیا کہ بیرسٹر گوہر عمران خان سے مل کر آئے ہیں۔
سلیم مانڈوی والا سے جب پوچھا گیا کہ کیا بیرسٹر گوہر کی عمران خان سے ملاقات ہوئی ہے تو انہوں نے کہاکہ انہیں کسی نے بتایا ہے کہ عمران خان سے ملاقات ہوئی ہے، تاہم انہیں اس بارے میں خود علم نہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ انہیں عمران خان کے صحت کے حوالے سے تحفظات ہیں، اس لیے ان کے اہلخانہ کی موجودگی میں ان کا علاج کرایا جائے۔
