آزاد کشمیر: ن لیگی امیدوار نے فیصل راٹھور کی کامیابی چیلنج کردی

آزاد کشمیر میں ن لیگی امیدوار نے فیصل راٹھور کی کامیابی چیلنج کردی، دوبارہ گنتی کی درخواست سماعت کے لیے منظور کرلی۔
آزاد کشمیر کے حلقہ ایل اے 17 حویلی کہوٹہ سے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار چوہدری محسن عزیز نے فارم 24 میں مبینہ ٹمپرنگ کے الزامات عائد کرتے ہوئے انتخابی نتائج کی دوبارہ گنتی کے لیے چیف الیکشن کمشنر کو درخواست دے دی، جسے الیکشن کمیشن نے باقاعدہ سماعت کے لیے منظور کرلیا ہے۔
الیکشن کمیشن نے درخواست پر سماعت کے لیے جمعرات 13 اگست کو صبح 10 بجے مظفرآباد میں اجلاس طلب کرلیا ہے۔ محسن عزیز کی جانب سے ان کے وکلا راجا سجاد ایڈووکیٹ اور چوہدری غلام نبی ایڈووکیٹ نے درخواست الیکشن کمیشن میں جمع کرائی۔
چودھری محسن عزیز نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کو ری کاؤنٹنگ کرانے کی پیشکش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر دوبارہ گنتی میں وہ بھاری اکثریت سے کامیاب نہ ہوئے تو سیاست چھوڑ دیں گے۔
وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل راٹھور کی کامیابی کے بعد اپنے بیان میں محسن عزیز نے دعویٰ کیاکہ انتخابی نتائج میں مبینہ ٹمپرنگ کے ذریعے شکست کو فتح میں تبدیل کیا گیا۔
انہوں نے کہاکہ فارم 27 والا وزیراعظم اپنی شکست کو فتح میں بدل رہا ہے، تاہم ان کے پاس تمام پولنگ سٹیشنز کے پریذائیڈنگ افسران کے نتائج موجود ہیں، جن کے مطابق وہ 8 ہزار 600 ووٹوں کی واضح برتری سے کامیاب ہوئے ہیں۔
محسن عزیز نے دعویٰ کیاکہ ان کے پاس موجود نتائج اور ریٹرننگ افسر کے پاس موجود نتائج میں زمین آسمان کا فرق ہے۔ ان کے مطابق انہوں نے ریٹرننگ افسر سے دوبارہ گنتی کی درخواست کی، تاہم اسے مسترد کردیا گیا۔
انہوں نے الزام عائد کیاکہ ریٹرننگ افسر کی مبینہ جانبداری کے باعث حویلی کا پرامن ماحول خراب ہوا ہے اور وہ اپنے مینڈیٹ پر مبینہ ڈاکا ڈالنے کی اجازت نہیں دیں گے۔
مسلم لیگی امیدوار نے مزید الزام عائد کیاکہ وزیراعظم دن بھر اپنے پولنگ سٹیشنز پر ووٹ ڈلواتے رہے، جبکہ مسلح افراد نے پولنگ سٹیشنز پر اسلحے کے ساتھ ووٹرز کو ہراساں کیا۔ ان کے مطابق شکست نظر آنے کے بعد فارم 24 میں مبینہ ٹمپرنگ کرکے انتخابی نتیجہ تبدیل کیا گیا۔
