پنجاب میں دفعہ 144 میں 7 روز کی توسیع

پنجاب بھر میں دفعہ 144 کے نفاذ میں 7 روز کی توسیع کر دی گئی۔
محکمہ داخلہ پنجاب نے دفعہ 144 کے نفاذ میں ہفتہ، 22 نومبر تک توسیع کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق صوبے بھر میں احتجاج، جلسے جلوس، ریلیوں، دھرنوں اور ہر قسم کے اجتماعات پر پابندی عائد ہو گئی ہے، جب کہ دفعہ 144 کے تحت 4 یا اس سے زائد افراد کا عوامی مقامات پر جمع ہونا ممنوع ہوگا۔
ترجمان کے مطابق پنجاب بھر میں اسلحے کی نمائش، لاؤڈ اسپیکر کے استعمال، اور اشتعال انگیز، نفرت آمیز یا فرقہ وارانہ مواد کی اشاعت و تقسیم پر بھی مکمل پابندی ہو گی، جب کہ لاؤڈ اسپیکر صرف اذان اور جمعہ کے خطبے تک محدود ہوں گے۔
محکمہ داخلہ کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ امن و امان کے قیام، شہریوں اور املاک کے تحفظ کے لیے کیا گیا ہے۔ صوبائی حکومت نے دہشتگردی اور امن عامہ کے خدشات کے پیشِ نظر یہ اقدامات کیے۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ پابندی کا اطلاق شادی کی تقریبات، جنازوں اور تدفین پر نہیں ہوگا، جبکہ سرکاری فرائض سرانجام دینے والے افسران و اہلکار اور عدالتیں بھی اس پابندی سے مستثنیٰ ہیں۔
ترجمان کے مطابق سکیورٹی خدشات کے باعث جلوس اور دھرنے دہشتگردوں کے لیے سافٹ ٹارگٹ بن سکتے ہیں، اور شرپسند عناصر عوامی احتجاج کا فائدہ اٹھا کر ریاست مخالف سرگرمیوں کی کوشش کرسکتے ہیں۔
