مون سون بارشوں کی تباہی؛ پنجاب، کے پی میں 23 افراد جاں بحق  

مون سون بارشوں نے پنجاب اور خیبرپختونخوا میں تباہی مچا دی، چھتیں اور دواریں گرنے سے 23 افراد جاں بحق ہو گئے۔

ملک کے مختلف علاقوں میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ پنجاب اور خیبرپختونخوا میں حالیہ بارشوں کے باعث چھتیں اور دیواریں گرنے، کرنٹ لگنے اور سیلابی ریلوں کے مختلف واقعات میں 23 افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوگئے۔

صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق پنجاب میں بارشوں سے متعلق مختلف حادثات میں 9 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوئے ہیں۔

لاہور کے نواحی علاقے رائیونڈ کے کوٹ بابو خان میں گھر کی چھت گرنے سے ایک شخص جاں بحق اور 3 افراد زخمی ہوگئے، جبکہ بند روڈ، گلشن راوی کے قریب چھت گرنے سے 4 افراد زخمی ہوئے۔

پاکپتن کے گاؤں 75 ڈی میں کمرے کی چھت گرنے سے ایک خاتون جاں بحق ہوگئی، جبکہ ہوتہ میں کرنٹ لگنے سے نوجوان جان کی بازی ہار گیا۔ گجرات میں چھتیں گرنے کے باعث ایک شخص جاں بحق اور 6 زخمی ہوئے، جبکہ سیالکوٹ میں گھر کی چھت گرنے سے 3 افراد زخمی ہوگئے۔

ریسکیو حکام کے مطابق گوجرانوالہ میں بارش کے دوران چھتیں اور دیواریں گرنے کے 8 واقعات میں 3 افراد جاں بحق اور 14 زخمی ہوئے، جبکہ کرنٹ لگنے کے 3 مختلف واقعات میں ایک شخص جاں بحق اور 2  زخمی ہوئے۔

ساہیوال میں چھت گرنے سے ایک خاتون جاں بحق اور3  افراد زخمی ہوئے، منڈی بہاؤالدین میں چھتیں اور دیواریں گرنے سے 8 افراد زخمی ہوئے، جبکہ بہاولنگر میں شیڈ گرنے سے ایک شخص زخمی ہوگیا۔

ادھر پنڈی بھٹیاں میں طوفانی بارش کے باعث سڑکیں زیر آب آگئیں اور شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ فیصل آباد، بھلوال اور جھنگ میں بھی موسلا دھار بارش کے باعث متعدد نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔

دوسری جانب خیبرپختونخوا میں بھی بارشوں سے جانی و مالی نقصان ہوا ہے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق مختلف اضلاع میں پیش آنے والے حادثات میں 14 افراد جاں بحق اور19 زخمی ہوئے ہیں۔ جاں بحق افراد میں6 مرد، 6 بچے اور 2 خواتین شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں11 مرد، 4 خواتین اور 4 بچے شامل ہیں۔

رپورٹ کے مطابق بارشوں اور فلش فلڈ کے باعث28 مکانات متاثر ہوئے، جن میں6 مکمل طور پر منہدم جبکہ22 کو جزوی نقصان پہنچا۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق حادثات پشاور، نوشہرہ، خیبر، مردان، بونیر، باجوڑ، شانگلہ، صوابی، لوئر چترال، لوئر و اپر دیر، ایبٹ آباد، مانسہرہ، تورغر، کرم اور شمالی وزیرستان میں پیش آئے۔

 

پٹرول پمپ مالکان کا آج رات 12 بجے سے ملک گیر ہڑتال کا اعلان

ترجمان نے بتایا کہ پی ڈی ایم اے، ریسکیو 1122 اور ضلعی انتظامیہ متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں، جبکہ صوبے کے دریاؤں اور ندی نالوں میں پانی کی سطح تاحال معمول کے مطابق ہے۔

Back to top button