بلوچستان: سکیورٹی فورسز کا بڑا آپریشن، 10 دہشتگرد ہلاک، سہولت کار گرفتار

بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کا بڑا آپریشن، 10 دہشت گرد ہلاک اور سہولت کار کو گرفتار کر لیا گیا۔

بلوچستان کے اضلاع سوراب اور مستونگ میں سکیورٹی فورسز کے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں 10 دہشت گرد ہلاک جبکہ 2 مبینہ خودکش حملہ آور خواتین اور ایک مبینہ سہولت کار کو گرفتار کر لیا گیا۔

پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران سوراب اور مستونگ میں متعدد انٹیلی جنس بیسڈ ایریا سینیٹائزیشن اور ٹارگٹڈ آپریشنز کیے گئے۔ بیان میں کہا گیا کہ کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 10 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع سوراب میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کی کارروائی میں 7 دہشت گرد مارے گئے، جبکہ ضلع مستونگ میں 3 دہشت گرد ہلاک کیے گئے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ مستونگ میں کارروائی کے دوران فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والی دو مبینہ خودکش حملہ آور خواتین اور ان کے ایک مبینہ سہولت کار کو بھی گرفتار کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دیسی ساختہ دھماکہ خیز مواد (آئی ای ڈیز) برآمد کیا گیا، جبکہ علاقے میں مزید دہشت گردوں کی موجودگی کے خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے سوراب اور مستونگ میں کامیاب آپریشنز پر سکیورٹی فورسز کے افسران اور اہلکاروں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی اور کسی کو بھی بلوچستان کا امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

 

من پسند فتووں اور بھتہ خوری کا معاملہ، خوارجی سہولت کار کے اہم انکشافات

علاوہ ازیں وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں قیامِ امن کے لیے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز ناگزیر ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور ملک میں پائیدار امن کے قیام کے لیے سکیورٹی فورسز کی ہر ممکن حمایت جاری رکھی جائے گی۔

Back to top button