حوثی دھمکیوں پر پاکستان کا سخت ردعمل، سعودیہ کی مکمل حمایت کا اعلان

پاکستان نے حوثی دھمکیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے سعودی عرب کی مکمل حمایت کا اعلان کر دیا۔
پاکستان نے حوثی ملیشیا کی جانب سے سعودی عرب اور بحیرۂ احمر میں تجارتی جہازرانی کے خلاف دی جانے والی دھمکیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے انہیں خطے کے امن اور عالمی تجارت کے لیے خطرہ قرار دیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے حوثیوں کی جانب سے سعودی عرب اور بحیرۂ احمر میں تجارتی جہازرانی کو نشانہ بنانے کی دھمکیوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتا ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق پاکستانی پرچم بردار جہازوں کے خلاف کسی بھی قسم کی جارحانہ کارروائی کو قومی سلامتی کے لیے خطرہ تصور کیا جائے گا، جبکہ پاکستان کے سمندری مفادات کے خلاف کسی بھی اقدام کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں کشیدگی کے خاتمے، سفارت کاری اور مذاکرات کے ذریعے مسائل کے حل کے لیے پُرعزم ہے۔ انہوں نے تمام فریقین پر زور دیا کہ وہ بین الاقوامی قوانین کا احترام کریں اور عالمی سمندری نقل و حمل کے تحفظ اور آزادی کو یقینی بنائیں۔
من پسند فتووں اور بھتہ خوری کا معاملہ، خوارجی سہولت کار کے اہم انکشافات
واضح رہے کہ حوثی باغیوں نے گزشتہ روز سعودی عرب کے خلاف بحری ناکہ بندی کا اعلان کیا تھا۔ اس پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی خبردار کیا کہ اگر حوثیوں نے بحیرۂ احمر میں ناکہ بندی کی دھمکی پر عمل کیا تو امریکا اس کا مناسب جواب دے گا۔
