توہین الیکشن کمیشن،چیئرمین پی ٹی آئی،فوادچودھری کے وارنٹ جاری

الیکشن کمیشن نے توہینِ کمیشن کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی اور فواد چوہدری کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔چیئرمین پی ٹی آئی، فواد چوہدری اور اسد عمر کے خلاف الیکشن کمیشن کے ممبر سندھ نثار درانی کی سربراہی میں 4 رکنی کمیشن نے توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت کی تاہم چیئرمین پی ٹی آئی اور فواد چوہدری کی جانب سے کوئی پیش نہیں ہوا۔سماعت کے دوران اسد عمر کی جانب سے معاون وکیل عمائمہ منصور الیکشن کمیشن پیش ہوئیں اور انہوں نے سماعت ملتوی کرنے کی درخواست دائر کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ انور منصور میڈیکل چیک اپ کے لیے چھٹیوں پر ہیں جب کہ اسد عمر بھی میڈیکل چیک اپ کے سلسلے میں مصروف ہیں۔
ممبر الیکشن کمیشن نثار درانی نے کہا کہ اس طرح تو کیس ختم ہی نہیں ہوگا۔ کمیشن نے کیس کی سماعت 25 جولائی تک ملتوی کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی اور فواد چوہدری کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔
الیکشن کمیشن نے آئندہ سماعت پر چیئرمین پی ٹی آئی، اسد عمر اور فواد
چوہدری کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دے دیا۔
