نواز شریف وزیر اعظم نہ بن کر بھی مطمئن کیوں ہیں؟

یہ درست ہے کہ نواز شریف چوتھی بار وزیر اعظم بننے کی آرزُو پوری نہیں کر سکے ہیں ، لیکن وہ اس آرزُو سے دستکش بھی نہیں ہُوئے ۔اس کے باوجود نواز شریف نہ تو مایوس ہیں اور نہ ہی خسارے کے احساس سے جھکے جارہے ہیں۔ معروف اینکر پرسن اور ایک انگریزی جریدے کے ایڈیٹر نجم سیٹھی جاتی امرا میں نواز شریف کے ہاں افطاری پر مدعو تھے انہوں نے اپنے تازہ اور نجی مشاہدے کی بنیاد پر گواہی دی ہے کہ نوازشریف مایوس ہیں نہ لندن جا رہے ہیں وہ تو بالکل ریلیکس ہیں۔ سینئر صحافی اور کالم نگار تنویر قیصر شاہد ان خیالات کا اظہار اپنے کالم میں کرتے ہوۓ مزید لکھتے ہیں کہ پاکستان کے تین بار وزیر اعظم بننے کا منفرد و ممتاز اعزاز رکھنے والے میاں محمد نواز شریف کا گزشتہ کئی برسوں سے یہ معمول رہا ہے کہ وہ رمضان المبارک کا آخری عشرہ حرمین الشریفین کی پُر نُور فضاؤں میں عبادتوں میں گزارتے ہیں بلکہ اپنے خاندان کے قریبی افراد کو بھی اپنے قافلے میں شامل کر لیتے ہیں.لیکن اس سال ابھی رمضان شریف کا تیسرا عشرہ طلوع بھی نہیں ہُوا تھا کہ نون لیگی قائد کے مخالفین کی جانب سے یہ شرلیاں چھوڑی جانے لگی تھیں کہ ’’ نواز شریف چونکہ 8فروری کے انتخابی نتائج سے بے حد مایوس ہیں، اس لیے اِس بار وہ رمضان کے تیسرے عشرے میں حرمین شریفین جائیں گے اور وہیں سے لندن پدھار جائیں گے ۔‘‘ اور یہ کہ ’’ اِس بار وہ لندن جائیں گے تو اُن کی جلد واپسی بھی ممکن نہیں ہے کہ مایوسی اپنی انتہاؤں کو پہنچ رہی ہے ۔ وہ اپنا سیاسی خسارہ بُری طرح محسوس کررہے ہیں تنویر قیصر شاہد لکھتے ہیں کہ ‘‘ ایسی ’’خبروں‘‘ اور ’’اطلاعات‘‘ کو باقاعدہ ایک مہم کی شکل میں آگے بڑھایا گیا۔۔ مگر پچھلے چند ہفتوں سے ہم سب نے دیکھا ہے کہ قائدِ نون لیگ نواز شریف سیاست میں پھر سے سرگرم ہو گئے ہیں۔ اُن کے چہرے کی بشاشت بھی لَوٹ آئی ہے۔ اُن کی بدن بولی بھی بدلی بدلی سی محسوس ہو رہی ہے ۔ اور اِسی تازہ ترین پس منظر میں یہ مصدقہ خبر سامنے آئی ہے کہ نواز شریف اِس بار حرمین شریفین میں حاضری کی سعادت بھی حاصل نہیں کررہے ، بلکہ بغرضِ میڈیکل چیک اَپ لندن بھی نہیں جا رہے ۔ لندن نہ جانے کا نواز شریف کا فیصلہ مستحسن ہے۔ اُن کے اِس قدم سے یقیناً مریم نواز کی حکومت اور نون لیگ کو تقویت ملے گی کہ نواز شریف کے کار آمد اور قیمتی مشورے میڈم سی ایم کے لیے نہایت مفید ثابت ہو رہے ہیں۔ ویسے بھی پاکستان میں نواز شریف صاحب کا موجود رہنا مریم نواز شریف کے لیے بے حد ضروری ہے۔ اگرچہ مبینہ طور پر بعض اطراف سے یہ بھی کہا جارہا ہے کہ کچھ لوگ نہیں چاہتے کہ نواز شریف صاحب پسِ پردہ رہ کر اپنے بھائی اور اپنی بیٹی کو گائیڈ کریں ۔ نواز شریف نے لیکن جس طرح دھڑلے سے ، اپنی صاحبزادی کے ساتھ بیٹھ کر ، ایک اہم سرکاری میٹنگ کی صدارت کی ہے، اِس منظر بارے بعض مخالفین نے تحفظات کا اظہار بھی کیا ہے ۔ وہ ردِ عمل میں نواز شریف کے اِس عمل کو عدالت میں بھی لے گئے ہیں۔ لیکن اِس کا فائدہ؟ تنویر قیصر شاہد کے مطابق نواز شریف نے جس عزم کے ساتھ وزیر اعلی پنجاب کے ساتھ فیصل آباد کا دَورہ کیا ہے ، دو غریب متاثرین گھرانوں کے سروں پر شفقت بھرا ہاتھ رکھا ہے اور جس انداز میں فیصل آباد کے نون لیگی ارکانِ اسمبلی اور سیاستدانوں کو مشورے دیے ہیں، اِس اقدام سے یقیناً یہی نظر آرہا ہے کہ نواز شریف نہ تو مایوس ہیں اور نہ ہی خسارے کے احساس سے جھکے جارہے ہیں۔ نواز شریف کے چاہنے والے تمام نون لیگیوں کی بھی یہی خواہش اور تمنا ہے کہ نواز شریف ابھی لندن نہ ہی جائیں تو بہتر ہے۔نواز شریف نون لیگ کے صدر ہیں نہ وزیر اعلیٰ اور نہ ہی وزیر اعظم لیکن اِس کے باوجود نون لیگی اکثریتی کارکنان اپنے قائد کو اپنے درمیان بیٹھے دیکھنا چاہتے ہیں۔نواز شریف کے لیے یہ امر ہی باعثِ اطمینان ہے کہ اُن کی صاحبزادی پاکستان کے سب سے بڑے صوبے کی طاقتور وزیر اعلیٰ منتخب ہو چکی ہیں۔ اُن کا برادرِ خورد دوسری بار ملک کا وزیر اعظم بن چکا ہے۔ اُن کا سمدھی وزیر خارجہ کے اہم عہدے پر متمکن ہو چکا ہے اور مشترکہ مفادات کونسل میں بھی، غیر معمولی طور پر، جگہ سنبھال چکا ہے ۔ اُن کا ایک بھتیجا رکن قومی اسمبلی منتخب ہو چکا ہے ۔ اُن کی پارٹی مرکزی حکومت سنبھال چکی ہے ۔ اُن کے دونوں صاحبزادگان کے سات برس پرانے سنگین مقدمات عدالت نے ختم کر دیے ہیں۔ یہ حقیقی واقعات بتا رہے ہیں کہ نواز شریف مایوس اور بددل ہو کر سیاست و اقتدار سے جدا نہیں ہُوئے ہیں۔
تنویر قیصر شاہد کے مطابق بےصبر ہونے کی ضرورت نہیں ہے ۔ ابھی مرکز اور صوبوں کی حکومتیں بنے جمعہ جمعہ آٹھ دن بھی نہیں گزرے ہیں۔ یار لوگ مگر ابھی سے لَٹھ لے کر پنجاب اور مرکز کی حکومتوں پر چڑھ دوڑنے کی ناکام کوششیں کرنے لگے ہیں ۔ یہ غیر دانشمندانہ اور غیر حکیمانہ خواہشیں اور کوششیں ہیں۔ میڈیا میں بھی بعض ’’تجزیہ کاروں‘‘ کی جانب سے ایسی ناعاقبت اندیشانہ شرلیاں چھوڑی جا رہی ہیں۔ کیا ہمارے میڈیا کو بانی پی ٹی آئی کی حکومت کے وہ نامسعود ایام یاد ہیں جب طاقتوروں کی طرف سے ’’مثبت رپورٹنگ‘‘ کرنے کے احکامات ملا کرتے تھے ؟ ایسے جبریہ احکامات ملنے سے پہلے ہی ہمیں سچ اور صبر کا دامن تھام لینا چاہیے ۔

Back to top button