پاکستان آرمی نے چوتھی بین الخدماتی جنگی شوٹنگ چیمپیئن شپ جیت لی

پاکستان آرمی نے چوتھی بین الخدماتی جنگی شوٹنگ چیمپیئن شپ کی ٹرافی جیت لی ہے، پنجاب رجمنٹ کے حوالدار فضل الرحمان کو اعلیٰ ترین فوجی شوٹنگ اعزاز ‘دی ماسٹر ایٹ آرمز’ ٹرافی سے نوازا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان آرمی رائفل ایسوسی ایشن کے 46ویں مرکزی مقابلوں کی اختتامی تقریب جہلم میں آرمی مارکس مین شپ یونٹ میں منعقد ہوئی، جس میں چیف آف ڈیفنس فورسز اور چیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

مقابلوں کا انعقاد 7 اکتوبر سے 11 نومبر 2026 تک کیا گیا۔ پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف نے بھی تقریب میں بطور مہمان اعزاز شرکت کی اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کے ہمراہ مختلف کیٹیگریز میں کامیاب کھلاڑیوں اور رنر اپ میں ٹرافیاں اور تمغے تقسیم کیے۔

شوٹنگ کے ان مقابلوں میں پاک فوج، پاک بحریہ، پاک فضائیہ، سول آرمڈ فورسز، سندھ اور پنجاب رینجرز، گلگت بلتستان سکاؤٹس، پنجاب، خیبر پختونخوا، بلوچستان اور وفاقی رائفل ایسوسی ایشن کی ٹیموں سمیت شہریوں نے حصہ لیا۔ مجموعی طور پر 1500 سے زائد نشانہ باز مقابلوں میں شریک ہوئے۔

چوتھی بین الخدماتی جنگی شوٹنگ چیمپیئن شپ میں پاکستان آرمی نے چیمپیئن شپ ٹرافی اپنے نام کی، جبکہ پاکستان آرمی کی آرمی مارکس مین شپ یونٹ نے وزیراعظم ‘سکلز ایٹ آرمز’ بگ بور نیشنل چیلنج میچ جیت لیا۔

پنجاب رجمنٹ کے حوالدار فضل الرحمان کو اعلیٰ ترین فوجی شوٹنگ اعزاز ‘دی ماسٹر ایٹ آرمز’ ٹرافی (ڈولی کپ) سے نوازا گیا۔ پنجاب رجمنٹ نے یونٹ فائرنگ پروفیشنسی میچ اور انفنٹری اسکواڈ میچ میں بھی کامیابی حاصل کی۔

تقریب میں شریک نشانہ بازوں سے گفتگو کرتے ہوئے فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ان کی غیر معمولی نشانہ بازی اور درستگی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ شوٹنگ میں مہارت ایک پیشہ ور فوجی کی نمایاں خصوصیت ہے اور چھوٹے ہتھیاروں کے استعمال میں مہارت بنیادی فوجی تربیت کا لازمی حصہ رہنی چاہیے۔

تقریب میں آمد پر انسپکٹر جنرل ٹریننگ اینڈ ایویلیوایشن اور کمانڈر راولپنڈی کور نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کا استقبال کیا۔

 

Back to top button