ایشین سکواش چیمپیئن شپ،کھلاڑیوں میں 40لاکھ کے نقدانعامات تقسیم

ایشین ٹیم سکواش چیمپیئن شپ میں پاکستان کو 23 سال بعد نہیں بلکہ 23ویں ایڈیشن میں ٹائٹل دلانے والے 4 قومی کھلاڑیوں کو شاندار کارکردگی پر مجموعی طور پر40 لاکھ روپے کے نقد انعامات سے نواز دیا گیا، وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ رانا ثنا اللہ خان نے ہر کھلاڑی کو 10 لاکھ روپے کا انعام دیا۔

اسلام آباد میں بدھ کو منعقدہ تقریب میں پاکستان سکواش فیڈریشن کے گولڈ میڈلسٹ کھلاڑیوں نور زمان، محمد عاصم خان، ناصر اقبال اور اصحاب عرفان میں انعامی رقم تقسیم کی گئی۔

 

ان کھلاڑیوں نے3  سے 7 نومبر تک مصحف سکواش کمپلیکس میں منعقدہ 23ویں ایشین ٹیم سکواش چیمپیئن شپ میں پاکستان کو مردوں کے مقابلوں کا چیمپیئن بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔

پاکستان نے چیمپیئن شپ کے مردوں کے فائنل میں جنوبی کوریا کو 2-0 سے شکست دے کر طلائی تمغہ اپنے نام کیا۔

فائنل کے پہلے میچ میں نور زمان نے جنوبی کوریا کے جیونگ من ریو کو 11-5، 11-7 اور 13-11 سے شکست دے کر پاکستان کو برتری دلائی۔

دوسرے میچ میں محمد عاصم خان نے سیوجن اوہ کے خلاف شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے 11-6، 11-5 اور 11-4 سے کامیابی حاصل کی اور پاکستان کی چیمپیئن شپ میں فتح یقینی بنا دی۔

اس طرح قومی ٹیم نے اپنے ہوم گراؤنڈ پر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایشیائی سطح پر ایک اور نمایاں کامیابی حاصل کی۔

وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ اور پاکستان سپورٹس بورڈ کے صدر رانا ثنا اللہ خان نے کھلاڑیوں، کوچز اور ٹیم مینجمنٹ کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ ایشین ٹائٹل پاکستان کے لیے باعثِ فخر ہے۔

 

Back to top button