ایل پی جی کی قیمت مقرر کرنے کا اختیار اوگرا سے لے لیا گیا

ایل پی جی مافیا کو کنٹرول کرنے اور عوام کو سستی سرکاری قیمت پر ایل پی جی فراہم کرنے کے لیے ایل پی جی قیمت کا تعین اوگرا کے بجائے پی ایس او سمیت دیگر کمپنیوں پر مشتمل بنائی جانے والی کمپنی کرے گی، قیمت مقرر کرنے کے اختیارات اوگرا سے لے لیے گئے۔
ایل پی جی کی فروخت صرف قوانین کے تحت بننے والے ایل پی جی پمپس اور دکانوں سے ہوگی جبکہ غیر قانونی طور پر ایل بی جی فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی شروع ہوگئی، عوام خالی سلنڈر دکاندار کو دے گی اور بھرا ہوا سلنڈر لے جائے گی تاکہ عوام کو حادثات سے بچایا جائے۔
حکومت کمپنیوں کے ساتھ مل کر سستے اور معیاری سلنڈر مارکیٹ میں فروخت کرے گی۔
ایل پی جی مافیا سے عوام کی جان چھڑانے کے لیے حکومت نے اقدامات شروع کر دیے، اب اوگرا کے بجائے پی ایس او، سوئی گیس اور آئل کمپنیوں پر مشتمل نئی کمپنی ایل پی جی کی قیمت کا تعین کیا کرے گی، آئندہ ماہ کے لیے ایل پی جی کی قیمت اسی کمپنی نے مقرر کرنی ہے۔
وزارت پیٹرولیم کے مطابق ایل پی جی کی جو سرکاری قیمت ہوگی تمام ڈسٹریبیوٹرز اور دکاندار اسی قیمت پر فروخت کریں گے، کوئی من مانی قیمت پر فروخت نہیں کرے گا۔
