ترکیہ میں کوپ کانفرنس میں شہبازشریف کی ایرانی صدر سے اہم ملاقات

ترکیہ میں کوپ کانفرنس کے دوران وزیراعظم کی ایرانی صدر سے ملاقات ہوئی جس میں خطے کی سیکیورٹی صورتحال پر بات کی ہوئی۔

وزیراعظم شہباز شریف کوپ کانفرنس کےسربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے ترکیہ میں موجود ہیں جہاں وزیراعظم نے عالمی رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں کی، وزیراعظم کی ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے علیحدہ سے ملاقات ہوئی۔

ملاقات میں پاکستان اور ایران کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور باہمی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال ہوا، دونوں رہنماؤں کے درمیان علاقائی صورتحال اور خطے میں امن و استحکام سے متعلق امور پر بات ہوئی۔

وزیرِاعظم کی مملکت سعودی عرب کے وزیرِ برائے توانائی شہزادہ عبد العزیز بن سلمان آل سعود، بنگلہ دیش کے وزیرِ اعظم طارق رحمن اور اسلامی تعاون تنظیم کے سیکریٹری جنرل اسماعیل اولد شیخ احمد سے بھی ملاقاتیں ہوئیں۔

وزیرِ اعظم کی فلسطین کے وزیرِ اعظم محمد مصطفی سے بھی ملاقات ہوئی۔ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے فلسطینی عوام کے ساتھ حکومت اور پاکستان کے عوام کی جانب سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا. فلسطینی وزیرِ اعظم نے عالمی سطح پر فلسطینی عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم کے خلاف مؤثر انداز میں آواز اٹھانے اور فلسطینی مؤقف کی تائید پر حکومت اور پاکستان کے عوام کا شکریہ ادا کیا۔

وزیرِ اعظم کی خاتون اول ترکیہ امینہ اردوان، شام کے صدر احمد الشرع، مملکت سعودی عرب کے وزیرِ مملکت برائے خارجہ عادل بن احمد الجبیر اور ورلڈ بینک کے صدر اجے بنگا سے بھی ملاقاتیں ہوئیں۔

خوشگوار ماحول میں ہوئی ان ملاقاتوں میں وزیرِ اعظم اور عالمی رہنماؤں کے مابین دو طرفہ تعلقات کی مضبوطی اور خطے کی صورتحال پر گفتگو ہوئی۔

 

ملاقاتوں میں موسمیاتی تبدیلی کے مضر اثرات سے سب سے زیادہ متاثر ممالک کی مشکلات کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کی اہمیت کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی۔

 

Back to top button