پاکستان میں دہشتگردی کے خلاف افغان طالبان امیر کا فتوی

 

 

 

 

 

افغان طالبان کے امیر ملا ہیبت اللہ اخوندزادہ نے اپنی ہی کتاب میں تحریک طالبان کی پاکستان میں جاری دہشت گرد کارروائیوں کے خلاف فتوی دیتے ہوئے ان کے مذہبی جواز پر سنجیدہ سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ یاد رہے کہ ملا محمد عمر کی موت کے بعد ان کی جگہ لینے والے ملا ہیبت اللہ نہ صرف افغان طالبان بلکہ پاکستانی طالبان کے بھی امیر ہیں۔

 

ملا ہیبت اللہ نے اپنی 179 صفحات پر مشتمل پشتو کتاب میں مسلمانوں کی جان و مال کے تحفظ کے علاوہ مسلمان حکمران کے خلاف بغاوت کی ممانعت کرتے ہوئے تکفیر سے گریز اور فرقہ وارانہ اتحاد پر زور دیا ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ ٹی ٹی پی کی قیادت پاکستان میں اس فتوے کے برعکس سکیورٹی فورسز، سرکاری اداروں اور شہریوں کو نشانہ بنا رہی ہے۔

 

سینئیر صحافی شیر علی خالتی نے اپنی تحریر میں ملا ہیبت اللہ کی اس کتاب بعنوان ’’دا اہل سنت والجماعت عقیدہ‘‘ کے مختلف حصوں کا حوالہ دیتے ہوئے افغان طالبان کی مذہبی تعلیمات اور ٹی ٹی پی کی کارروائیوں کے درمیان واضح تضاد کی نشاندہی کی ہے۔ ان کے مطابق اس کتاب میں بیان کردہ مذہبی اصولوں کی روشنی میں ٹی ٹی پی کی پاکستان میں جاری مسلح جدوجہد کا جائزہ لیا جائے تو اس تنظیم کے نظریاتی دعووں اور عملی اقدامات میں نمایاں فرق دکھائی دیتا ہے۔ خصوصاً اس لیے کہ ٹی ٹی پی خود افغان طالبان کو اپنا نظریاتی نمونہ قرار دیتی رہی ہے۔

 

کتاب کے صفحات 131 اور 132 میں مسلمانوں کی جان و مال کے تحفظ کو بنیادی دینی ذمہ داری قرار دیا گیا ہے اور دوسرے مسلمانوں کے خلاف ہتھیار اٹھانے سے منع کیا گیا ہے۔ اس کے برعکس ٹی ٹی پی پاکستان میں سکیورٹی اہلکاروں، سرکاری تنصیبات اور عام شہریوں کو نشانہ بنا رہی ہے۔ ایک ایسے ملک میں جہاں آبادی کی اکثریت مسلمان ہے، سیاسی اور نظریاتی مقاصد کے حصول کے لیے مسلمانوں کا خون بہانے کو ان مذہبی تعلیمات کے مطابق کیسے درست قرار دیا جا سکتا ہے؟ یہی وہ بنیادی تضاد ہے جس کی جانب توجہ دلائی گئی ہے۔

 

کتاب کے صفحہ 133 پر ایک مسلمان حکمران کے خلاف بغاوت سے بھی منع کیا گیا ہے، خواہ وہ حکمران جابر اور انصاف نہ کرنے والا ہی کیوں نہ ہو۔ اس تعلیم کی روشنی میں پاکستان کی ریاست اور اس کے سکیورٹی اداروں کے خلاف ٹی ٹی پی کی مسلح جدوجہد کا جواز بھی سوالیہ نشان بن جاتا ہے۔ محض حکومتی پالیسیوں سے اختلاف، سیاسی شکایات یا کسی فیصلے کو ناانصافی قرار دینا مسلح بغاوت کا مذہبی جواز نہیں بن سکتا۔

 

کتاب کے صفحات 108 اور 109 میں تکفیر یعنی کسی مسلمان کو کافر قرار دینے کے معاملے میں بھی سخت احتیاط کی تلقین کی گئی ہے۔ اس میں واضح کیا گیا ہے کہ محض گناہوں یا غلطیوں کی بنیاد پر کسی مسلمان کو دائرہ اسلام سے خارج نہیں کیا جا سکتا۔ یہ اصول اس لیے اہم ہے کہ شدت پسند تنظیمیں اکثر اپنے مخالفین پر کفر کے فتوے لگا کر ان کے قتل اور ان کے خلاف تشدد کو جائز ثابت کرنے کی کوشش کرتی ہیں۔ افغان طالبان کے امیر ملا ہیبت اللہ اخونزادہ کی کتاب میں بیان کردہ تعلیمات کے مطابق کسی مسلمان سے اختلاف یا اس کے کسی عمل کو غلط سمجھنا اسے کافر قرار دینے کے لیے کافی نہیں ہے۔ اس طرح مذہبی اختلاف کو تشدد کا جواز بنانے کی کوشش بھی انہی اصولوں سے متصادم دکھائی دیتی ہے۔

 

ملا ہیبت اللہ کی کتاب کے صفحات 135 سے 139 میں فرقہ وارانہ اختلافات سے بچنے، مسلمانوں کے اتحاد کو برقرار رکھنے اور ایسے تنازعات سے دور رہنے کی تلقین کی گئی ہے جو امت مسلمہ میں انتشار پیدا کریں۔ اس کے برعکس پاکستان میں مذہبی شدت پسندی اور فرقہ وارانہ تشدد نے معاشرے کو گہرے زخم دیے ہیں۔ شدت پسند گروہوں کی کارروائیوں نے نہ صرف ہزاروں انسانی جانیں لیں بلکہ مختلف مذہبی اور مسلکی گروہوں کے درمیان نفرت اور بداعتمادی کو بھی ہوا دی ہے۔ تجزیہ نگار کے مطابق اسلام کے دفاع کا دعویٰ کرنے والی تنظیموں کو اپنے طرز عمل سے ثابت کرنا چاہیے کہ وہ مسلمانوں کے اتحاد اور یکجہتی کے لیے کام کر رہی ہیں، نہ کہ معاشرے کو مزید تقسیم کرنے کا سبب بن رہی ہیں۔

 

کتاب کے صفحہ 141 پر انصاف، سچائی، دیانت داری اور امانت داری کو بھی بنیادی مذہبی ذمہ داریاں قرار دیا گیا ہے۔ تجزیے میں اس نکتے کو بھی اہم قرار دیا گیا ہے کہ یہ اصول صرف انفرادی زندگی تک محدود نہیں بلکہ مذہب کے نام پر سرگرم تنظیموں اور ان کی قیادت پر بھی لاگو ہوتے ہیں۔ چنانچہ کسی تنظیم کے نظریاتی دعووں کو اس کی عملی سرگرمیوں سے الگ کرکے نہیں دیکھا جا سکتا۔ اگر کوئی گروہ مذہبی تعلیمات کی بنیاد پر اپنی کارروائیوں کا جواز پیش کرتا ہے تو اس کے لیے ضروری ہے کہ وہ انہی تعلیمات میں بیان کردہ انصاف، دیانت اور انسانی جان کے احترام کے اصولوں پر بھی عمل کرے۔ مذہبی احکامات کو اپنی سہولت کے مطابق اختیار کرنا اور ان کے خلاف جانے والی تعلیمات کو نظرانداز کرنا اس کے نظریاتی مؤقف کو کمزور کرتا ہے۔

خیبرپختونخوا:گورنر راج کے بعد امن قائم ہوگا یا عسکریت پسندی مزید پھیلے گی؟

شیر علی خالتی کے مطابق اس معاملے کا ایک اہم پہلو افغان طالبان اور ٹی ٹی پی کے باہمی تعلقات بھی ہیں۔ ٹی ٹی پی طویل عرصے سے افغان طالبان کو اپنا نظریاتی نمونہ قرار دیتی آئی ہے اور دونوں تنظیموں کے درمیان نظریاتی قربت کے ساتھ تاریخی روابط اور وسائل کے اشتراک کا معاملہ بھی زیر بحث رہا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ افغان طالبان کے امیر کی مذہبی تعلیمات محض ایک کتاب کا موضوع نہیں رہتیں بلکہ ان کا تعلق پاکستان کی سلامتی سے بھی جڑ جاتا ہے۔ پاکستان متعدد بار افغان حکام کے سامنے افغانستان میں ٹی ٹی پی کے دیشت گرد ٹھکانوں کی موجودگی اور وہاں سے پاکستان پر حملوں کی منصوبہ بندی کا معاملہ اٹھا چکا ہے۔ ایسے میں افغان طالبان کی قیادت سے یہ سوال بھی کیا جا رہا ہے کہ اگر وہ اپنی کتاب میں بیان کردہ اصولوں کو درست اور قابل عمل سمجھتی ہے تو پھر افغانستان میں موجود ٹی ٹی پی کو پاکستان کے خلاف کارروائیاں کرنے سے روکنے کے لیے عملی اقدامات کیوں نہیں کیے جاتے؟ تجزیہ نگار کے مطابق افغان طالبان کی مذہبی ساکھ کا اصل امتحان بھی یہی ہے کہ وہ اپنی تحریروں اور بیانات میں بیان کردہ اصولوں کو عملی پالیسی کا حصہ بنائیں اور افغان سرزمین کو پاکستان کے خلاف حملوں کی منصوبہ بندی، تنظیم سازی یا کارروائیوں کے لیے استعمال نہ ہونے دیں۔

 

Back to top button