شدید دباؤ اور جنگی حالات میں بھی دفاعی صلاحیتوں کو بہتر بنانے کا عمل جاری ہے : قالیباف

ایران کی پارلیمنٹ کے سپیکر محمد باقر قالیباف کا کہنا ہے کہ ایران شدید دباؤ، دھمکیوں اور پابندیوں کے باوجود اپنی جدید عسکری صلاحیتوں میں اضافہ کررہا ہے، جنگی حالات میں بھی دفاعی صلاحیتوں کو بہتر بنانے کا عمل جاری ہے۔
ایران کے نئے میزائل سٹی کی رونمائی کے موقع پر محمد باقر قالیباف نے امریکا کو خبردار کرتے ہوئے کہ واشنگٹن نے کوئی غلط اندازہ لگایا تو ایران فوری اور جارحانہ جواب دینے سے گریز نہیں کرےگا۔
قالیباف نے کہاکہ کسی بھی غلطی کی صورت میں ایرانی مسلح افواج تنازع کے جغرافیائی دائرے کا تعین خود کریں گی۔
انہوں نے کہاکہ نیا میزائل سٹی ایران کی جانب سے دشمنوں کےلیے واضح پیغام ہے، جنگ کی آگ میں بھی ایران اپنی دفاعی صلاحیتوں کو بہتر بنانے سے غافل نہیں۔
باقر قالیباف کاکہنا تھا کہ پاسداران انقلاب کی ایرو سپیس فورس کے نئے میزائل سٹی کی رونمائی ایرانی عوام کے اس عزم کا اظہار ہےکہ وہ ملک کی خودمختاری، سلامتی اور علاقائی سالمیت کا دفاع کریں گے۔
