کیا واقعی مولانااپوزیشن کے ساتھ مل کر حکومت مخالف تحریک شروع کرنے والے ہیں؟

تحریک تحفظ آئین پاکستان اور جمعیت علمائے اسلام کے درمیان بڑھتی ہوئی قربت، پی ٹی آئی اور جے یو آئی کے اختلافات ختم کرنے کے لیے کمیٹی کی تشکیل اور نومبر میں آل پارٹیز کانفرنس کے انعقاد کی تیاریوں نے ملکی سیاست میں نئی صف بندی کے امکانات پیدا کر دیے ہیں۔ سیاسی مبصرین کے مطابق مولانا فضل الرحمان کو ممکنہ حکومت مخالف تحریک میں اہم کردار دینے کی کوشش کی جا رہی ہے، تاہم یہ ابھی واضح نہیں کہ وہ باقاعدہ تحریک کی قیادت قبول کریں گے یا اپوزیشن جماعتیں مشترکہ قیادت کا کوئی فارمولا اختیار کریں گی۔
سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق گزشتہ کچھ عرصے سے تحریک انصاف اور جمعیت علمائے اسلام کے درمیان پائے جانے والے اختلافات کے باوجود دونوں جماعتوں کے رہنماؤں میں سیاسی رابطے بڑھ رہے ہیں۔ تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ محمود خان اچکزئی سمیت اپوزیشن رہنماؤں کی مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پر ملاقات اسی سلسلے کی اہم پیش رفت ہے۔ ملاقات میں اپوزیشن اتحاد کو مضبوط بنانے، پارلیمانی رابطوں میں اضافے، باہمی اختلافات دور کرنے اور حکومت مخالف مشترکہ حکمت عملی پر مشاورت کی گئی۔ آل پارٹیز کانفرنس کے انعقاد کے لیے کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے، جبکہ پی ٹی آئی اور جے یو آئی کے درمیان بداعتمادی اور اختلافات ختم کرنے کے لیے الگ کمیٹی قائم کی گئی ہے۔ اپوزیشن رہنماؤں نے آئین کی بالادستی، پارلیمان کی خودمختاری اور جمہوری نظام کے تحفظ کے لیے مشترکہ جدوجہد کا عزم بھی ظاہر کیا ہے۔
تحریک تحفظ آئین پاکستان کے ترجمان اخوندزادہ حسین احمد یوسفزئی کے مطابق اپوزیشن جماعتیں ایک مشترکہ پلیٹ فارم پر جمع ہونے کی کوشش کر رہی ہیں اور توقع ہے کہ مولانا فضل الرحمان بھی ممکنہ تحریک کی قیادت کرنے والی اہم شخصیات میں شامل ہوں گے۔
سینیئر تجزیہ کار جاوید چوہدری کے مطابق اگر مولانا فضل الرحمان بڑے پیمانے پر حکومت مخالف احتجاجی تحریک شروع کرتے ہیں تو انہیں گرفتاری اور سیاسی دباؤ جیسے حالات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ ان کے خیال میں جس طرح ماضی میں تحریک انصاف کے خلاف کارروائیاں ہوئیں، اسی نوعیت کی صورت حال جے یو آئی کے لیے بھی پیدا ہوسکتی ہے۔جاوید چوہدری کے مطابق مولانا کے پاس منظم اور وفادار کارکنوں کا حلقہ ضرور موجود ہے، لیکن ان کی احتجاجی قوت کا تحریک انصاف سے تقابل نہیں کیا جاسکتا۔ ان کے نزدیک ملک گیر تحریک کو کامیاب بنانے کے لیے صرف جماعتی کارکن کافی نہیں ہوتے بلکہ مختلف سیاسی اور سماجی طبقات کی شرکت بھی ضروری ہوتی ہے۔
سینیئر تجزیہ کار منیب فاروق کا مؤقف اس معاملے میں قدرے مختلف ہے۔ ان کے مطابق اگر جے یو آئی، تحریک انصاف اور دیگر اپوزیشن جماعتیں مل کر حکومت مخالف تحریک شروع بھی کردیتی ہیں تو اس سے موجودہ نظام کو فوری طور پر کوئی بڑا خطرہ لاحق ہوتا دکھائی نہیں دیتا۔منیب فاروق کے خیال میں اپوزیشن میں شامل بعض سیاسی شخصیات موجودہ نظام کا حصہ بن کر اپنا سیاسی کردار اور حصہ حاصل کرنے کی خواہش بھی رکھتی ہیں۔ ان کے مطابق مولانا فضل الرحمان کا سابقہ سیاسی ریکارڈ بھی یہ ظاہر کرتا ہے کہ وہ احتجاجی سیاست کو ایک خاص حد سے آگے لے جانے کے بجائے بالآخر مذاکرات اور سیاسی رابطوں کا راستہ اختیار کرتے رہے ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان اور اسٹیبلشمنٹ کے درمیان کشیدگی کا معاملہ بھی فوری طور پر ختم ہوتا دکھائی نہیں دیتا۔ حکومت اور اسٹیبلشمنٹ کا مولانا کے بارے میں مؤقف مختلف ہوسکتا ہے، جبکہ ان کے اور ان کے خاندان کے بعض افراد سے متعلق قانونی معاملات بھی آنے والے دنوں میں سیاسی صورت حال پر اثرانداز ہوسکتے ہیں۔
سینیئر تجزیہ کار محمد مالک کے مطابق مولانا فضل الرحمان کی موجودہ سیاسی سرگرمیوں کا بنیادی مقصد کسی حکومتی عہدے یا منصب کا حصول نہیں بلکہ خیبر پختونخوا میں جے یو آئی کا ووٹ بینک اور سیاسی اثر و رسوخ دوبارہ مضبوط بنانا ہے۔محمد مالک کے خیال میں گزشتہ انتخابات میں خیبر پختونخوا میں جے یو آئی کو جن سیاسی مشکلات اور انتخابی ناکامیوں کا سامنا کرنا پڑا، مولانا اب ان کا ازالہ کرنا چاہتے ہیں تاکہ آئندہ عام انتخابات میں جماعت دوبارہ نمایاں کامیابی حاصل کرسکے۔ان کے مطابق مولانا ماضی میں بھی مختلف سیاسی جماعتوں کے ساتھ اسلام آباد آتے رہے، جلسے اور احتجاج کرتے رہے، لیکن ان کی احتجاجی سیاست کا اختتام عموماً مذاکرات اور سیاسی رابطوں پر ہوتا رہا ہے۔ محمد مالک یہ امکان بھی ظاہر کرتے ہیں کہ حکومت ایک نئی اپوزیشن قوت کو سامنے آتا دیکھنا چاہتی ہے، جس کے نتیجے میں تحریک انصاف کے مقابلے میں مولانا فضل الرحمان ایک اہم سیاسی چہرے کے طور پر ابھر سکتے ہیں۔
سیاسی مبصرین کے مطابق اپوزیشن جماعتوں کے درمیان ملاقاتیں اور کمیٹیوں کی تشکیل اپنی جگہ اہم ہیں، لیکن اصل چیلنج تمام جماعتوں کو ایک مشترکہ سیاسی حکمت عملی پر متفق رکھنا ہوگا۔ تحریک انصاف اور جے یو آئی کے درمیان ماضی کے اختلافات، قیادت کے معاملات، احتجاجی طریقہ کار اور آئندہ انتخابات سے متعلق ترجیحات اس اتحاد کے لیے مشکلات پیدا کرسکتی ہیں۔
تجزیہ کاروں کے مطابق مولانا فضل الرحمان اس وقت اپوزیشن جماعتوں کے درمیان رابطوں کا اہم مرکز بن کر سامنے آئے ہیں، لیکن ان کی جانب سے تحریک کی قیادت قبول کرنے کا باضابطہ فیصلہ ابھی سامنے نہیں آیا۔ اسی طرح یہ بھی واضح نہیں کہ تحریک کب شروع ہوگی، اس کا طریقہ کار کیا ہوگا اور اپوزیشن جماعتیں کتنی دیر تک ایک مشترکہ مؤقف پر قائم رہ سکیں گی۔مبصرین کے نزدیک نومبر میں ہونے والی مجوزہ آل پارٹیز کانفرنس اس سیاسی صف بندی کی سمت متعین کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔ تاہم اپوزیشن کے لیے محض حکومت مخالف نعرے لگانا کافی نہیں ہوگا؛ اسے ایک متفقہ سیاسی ایجنڈا، واضح حکمت عملی اور قیادت کے معاملے پر اتفاق بھی پیدا کرنا ہوگا۔
