خیبرپختونخوا:گورنر راج کے بعد امن قائم ہوگا یا عسکریت پسندی مزید پھیلے گی؟

خیبر پختونخوا میں بڑھتی ہوئی عسکریت پسندی، پولیس اور سکیورٹی فورسز پر مسلسل حملے اور ماضی کے فوجی آپریشنز و مذاکرات کی محدود کامیابی کے بعد وفاقی حکومت نے صوبے کے 12 اضلاع میں ایک نیا انتظامی ڈھانچہ قائم کر دیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت 48 مقامی عمائدین اور مشران پر مشتمل کونسل تشکیل دی گئی ہے، جسے جرگوں، عوامی رابطوں، ترقیاتی منصوبوں اور سکیورٹی اداروں کے تعاون سے امن قائم کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ حکومت کا دعویٰ ہے کہ مقامی آبادی کو اعتماد میں لے کر عسکریت پسندوں کو علاقے چھوڑنے پر آمادہ کیا جائے گا، بصورت دیگر طاقت کے استعمال کا راستہ اختیار کیا جائے گا۔ تاہم بنیادی سوال یہ ہے کہ کیا انتظامی تبدیلی، جرگوں اور مقامی عمائدین کی مدد سے ایک ایسے مسئلے پر قابو پایا جا سکتا ہے جس کے پیچھے کئی دہائیوں کے سیاسی، معاشی اور سکیورٹی عوامل موجود ہیں؟ کیا یہ نیا نظام پائیدار امن کی بنیاد بنے گا یا ماضی کی حکمت عملیوں کی ایک نئی شکل ثابت ہوگا؟
مبصرین کے مطابق اگست 2021 میں افغانستان میں طالبان کے اقتدار میں آنے کے بعد پاکستان، خصوصاً خیبر پختونخوا کے قبائلی اور جنوبی اضلاع میں عسکریت پسندی کے واقعات میں دوبارہ اضافہ ہوا۔ پولیس اور سکیورٹی فورسز کو مسلسل حملوں کا سامنا کرنا پڑا۔پاکستان انسٹی ٹیوٹ فار پیس اسٹڈیز کی 2024 کی رپورٹ کے مطابق 2021 سے 2023 کے دوران پاکستان میں عسکریت پسندی کے واقعات میں 2019 اور 2020 کے مقابلے میں 64 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کا زیادہ اثر خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں دیکھا گیا۔ماضی میں فوجی آپریشنز اور کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے ساتھ مذاکرات سمیت مختلف حکمت عملیاں اختیار کی گئیں، لیکن مستقل امن قائم نہ ہو سکا۔ اب وفاقی حکومت نے اکتوبر 2026 میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ کے بعد 12 متاثرہ اضلاع کے لیے نیا انتظامی نظام متعارف کرایا ہے۔
نئے نظام کے تحت ایریا ریپریزنٹیٹو اینڈ ڈیولپمنٹ کونسل قائم کی گئی ہے، جس میں 12 اضلاع کے 48 مقامی عمائدین اور مشران شامل ہیں۔کونسل کے وائس چیئرمین ملک خان مرجان کے مطابق اس نظام کے تحت مختلف علاقوں میں جرگے منعقد کیے جائیں گے اور ناراض عناصر کو مذاکرات اور مقامی روایات کے ذریعے عسکریت پسندی کا راستہ چھوڑنے پر آمادہ کیا جائے گا۔ ان کا کہنا ہے کہ مقامی عمائدین ایسے افراد کو واپس قومی دھارے میں لانے کی ذمہ داری بھی قبول کریں گے۔کونسل کا مؤقف ہے کہ مقامی لوگوں کے تعاون سے امن قائم کرنے کی کوشش کی جائے گی، کیونکہ علاقے کے مسائل اور وہاں کے قبائلی و سماجی حالات کو مقامی عمائدین بہتر طور پر سمجھتے ہیں۔
وزیراعظم کے مشیر برائے اطلاعات محمود جان بابر کے مطابق وفاقی حکومت ان اضلاع میں ترقیاتی منصوبے شروع کر رہی ہے تاکہ مقامی آبادی کو بہتر زندگی، روزگار اور بنیادی سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔ان کا کہنا ہے کہ پہلے مقامی خاندانوں کے ذریعے عسکریت پسندوں کو علاقے چھوڑنے کا پیغام دیا جائے گا۔ اگر وہ اس کے باوجود علاقے میں موجود رہے تو پولیس اور سکیورٹی فورسز کارروائی کریں گی۔انہوں نے واضح کیا کہ یہ براہ راست مذاکرات کی پیشکش نہیں بلکہ مقامی آبادی کے ذریعے عسکریت پسندوں کو علاقہ چھوڑنے پر آمادہ کرنے کی کوشش ہوگی۔ تاہم اگر کوئی عسکریت پسند ہتھیار ڈال کر ریاست کے سامنے سرینڈر کرتا ہے تو اس کے لیے بھی حکومت کوئی راستہ نکال سکتی ہے۔ تاہم یہاں سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا نیا نظام عسکریت پسندی کا مستقل حل ہے؟
سکیورٹی امور کے ماہر ڈاکٹر یوسف علی کے مطابق گورنر راج سے پہلے جنوبی اضلاع میں مقامی لوگوں کے تعاون سے امن کمیٹیاں قائم کی گئی تھیں، لیکن ان کمیٹیوں اور سکیورٹی فورسز کے درمیان رابطے اور ہم آہنگی کے مسائل موجود تھے۔ ان کے خیال میں نئے انتظامی ڈھانچے سے سکیورٹی اداروں اور مقامی عمائدین کے درمیان بہتر رابطہ قائم ہو سکتا ہے۔تاہم ڈاکٹر یوسف علی کا کہنا ہے کہ صرف عسکریت پسندوں کو ایک علاقے سے دوسرے علاقے میں منتقل کرنا مسئلے کا مستقل حل نہیں ہوگا۔ ان کے مطابق ترقی کی کمی، تعلیم کے محدود مواقع اور بے روزگاری جیسے بنیادی مسائل پر توجہ دینا ضروری ہے۔ ایک مربوط پالیسی کے بغیر عسکریت پسندی کے خاتمے کا ہدف حاصل کرنا مشکل ہوگا۔
مبصرین کے مطابق خیبر پختونخوا کے متاثرہ اضلاع میں امن قائم کرنے کے لیے صرف انتظامی تبدیلی کافی نہیں ہوگی بلکہ مقامی آبادی کا اعتماد، پولیس کی استعداد، سکیورٹی اداروں کے درمیان رابطہ، تعلیم، روزگار اور بنیادی سہولتوں کی فراہمی بھی ضروری ہے۔اب اصل امتحان یہ ہوگا کہ آیا 48 عمائدین پر مشتمل کونسل عملی طور پر امن قائم کرنے میں کامیاب ہوتی ہے یا نہیں، ترقیاتی منصوبے عوام تک پہنچتے ہیں یا نہیں اور عسکریت پسندی کے بنیادی اسباب کو دور کرنے کے لیے کوئی جامع حکمت عملی سامنے آتی ہے یا نہیں۔خیبر پختونخوا میں پائیدار امن صرف عسکریت پسندوں کو علاقے سے نکالنے سے قائم نہیں ہوگا، بلکہ اس کے لیے ایسے حالات پیدا کرنا ہوں گے جہاں مقامی آبادی کو تحفظ، انصاف، تعلیم اور معاشی مواقع میسر ہوں۔ یہی اس نئے انتظامی ڈھانچے کی اصل کامیابی یا ناکامی کا پیمانہ ہوگا۔
