مولانا عمران خان کے نقش قدم پر چل کر JUIکا دھڑن تختہ کرنے کو تیار

جمعیت علمائے اسلام نے سیاسی محاذ آرائی، سخت بیانی اور کارکنوں کی طاقت کے مظاہرے کو اپنی سیاست کا محور بنا کر تحریک انصاف جیسا طرزِ عمل اختیار کر لیا ہے، جس کے نتیجے میں پی ٹی آئی کے بعد اب جے یو آئی کی سیاست کا بھی دھڑن تختہ ہوتا دکھائی دیتا ہے۔ سیاسی مبصرین اور تجزیہ کاروں کے مطابق مولانا فضل الرحمان کی جماعت جس سیاسی بصیرت، پارلیمانی حکمت عملی اور مذاکراتی صلاحیت کے باعث ایک مؤثر سیاسی قوت سمجھی جاتی تھی، وہی خصوصیات اب پس منظر میں جاتی محسوس ہو رہی ہیں۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ ہر گزرتے دن کے ساتھ جے یو آئی کے لیے سیاسی راستے محدود ہوتے جا رہے ہیں اور اگر قیادت نے محاذ آرائی کے بجائے دلیل، تدبر اور سیاسی مکالمے کا راستہ اختیار نہ کیا تو جماعت کو اپنے پارلیمانی اور سیاسی کردار کے حوالے سے مزید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق تحریک انصاف کی طرح جے یو آئی بھی اپنی کارکن قوت اور رضاکاروں کے جذبے کو سیاسی طاقت سمجھنے لگی ہے، حالانکہ کسی بھی جماعت کی کامیابی کا انحصار صرف کارکنوں کی تعداد یا احتجاجی صلاحیت پر نہیں ہوتا۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کی اصل سیاسی قوت ہمیشہ ان کی بصیرت، معاملہ فہمی، مذاکراتی صلاحیت اور پارلیمانی تجربہ رہی ہے، لیکن حالیہ سخت بیانی نے ان کی اسی سیاسی شناخت کو متاثر کیا ہے۔

تجزیہ کاروں کے خیال میں تحریک انصاف نے بھی سیاسی اختلافات کو حکومت کے ساتھ رکھنے کے بجائے ریاستی اداروں سے محاذ آرائی کی شکل دے دی تھی، جس کے نتائج نے اس کی سیاسی مشکلات میں اضافہ کیا۔ اب جے یو آئی کے طرزِ سیاست میں بھی ایسے رجحانات دکھائی دے رہے ہیں جو جماعت کو اسی نوعیت کے سیاسی بحران کی طرف لے جا سکتے ہیں۔

مبصرین کے مطابق مولانا فضل الرحمان کی جانب سے ریاستی اداروں، سکیورٹی معاملات اور شہدا کے حوالے سے اختیار کیے جانے والے سخت لب و لہجے پر نظرثانی کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ حکومت سے اختلاف، سیاسی شکایات اور پالیسیوں پر تنقید جمہوری سیاست کا حصہ ہیں، لیکن ان اختلافات کو ریاست کے ساتھ محاذ آرائی میں تبدیل کرنا سیاسی طور پر نقصان دہ ہوسکتا ہے۔

سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق مولانا فضل الرحمان ماضی میں اپنے مخالفین سے اختلاف کے باوجود سیاسی مکالمے اور دلیل کا راستہ اختیار کرتے رہے ہیں۔ یہی وجہ تھی کہ وہ مختلف سیاسی ادوار میں اپنی جماعت کے لیے مذاکرات اور سیاسی مفاہمت کی گنجائش برقرار رکھنے میں کامیاب رہے۔ لیکن موجودہ طرزِ بیان سے یہ تاثر پیدا ہو رہا ہے کہ جماعت سیاسی حکمت عملی کے بجائے اشتعال انگیزی کی طرف بڑھ رہی ہے۔

مفتی محمود مرکز کے معاملے پر مبصرین کا کہنا ہے کہ اگر جمعیت علمائے اسلام اس مرکز کی قانونی ملکیت کا دعویٰ کرتی ہے تو اسے اپنی دستاویزات متعلقہ عدالت میں پیش کرکے قانونی حق حاصل کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔ کارکنوں کی بڑی تعداد جمع کرکے حکومت کو چیلنج کرنا کسی جائیداد کی ملکیت ثابت کرنے کا متبادل نہیں ہوسکتا۔قانونی ماہرین کے مطابق ایسے تنازعات کا فیصلہ جذبات، احتجاج یا سیاسی دباؤ کے بجائے دستاویزی شواہد اور عدالتی کارروائی کے ذریعے ہونا چاہیے۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ جے یو آئی اگر اپنے مؤقف کے حق میں ملکیتی دستاویزات عوام اور میڈیا کے سامنے بھی پیش کردے تو اس کے دعوے کی وضاحت ہوسکتی ہے اور غیر ضروری کشیدگی سے بچنے کا راستہ نکل سکتا ہے۔

سیاسی مبصرین کے مطابق جے یو آئی محض ایک سیاسی جماعت نہیں بلکہ پارلیمان میں مذہبی سیاست کی ایک اہم نمائندہ قوت بھی ہے۔ اس لیے جماعت کی سیاسی حکمت عملی میں پیدا ہونے والی مشکلات کے اثرات صرف اس کی اپنی سیاست تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ پارلیمان میں مذہبی سیاسی قوتوں کی نمائندگی بھی متاثر ہوسکتی ہے۔تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کے پاس سیاسی متبادل اور مختلف سطحوں پر اپنی حمایت موجود ہے، لیکن جے یو آئی کی پارلیمانی حیثیت اور مذہبی سیاست میں اس کا کردار ایک الگ نوعیت رکھتا ہے۔ اگر جماعت وقتی اشتعال میں آکر سیاسی محاذ آرائی کو بڑھاتی ہے تو اسے اپنے لیے دستیاب سیاسی راستے مزید محدود ہونے کا خدشہ ہے۔

مبصرین کے مطابق مولانا فضل الرحمان کو اپنی سیاسی حکمت عملی پر نظرثانی کرتے ہوئے کارکنوں کے جوش کو تصادم کے بجائے جمہوری جدوجہد کے لیے استعمال کرنا چاہیے۔ ان کے خیال میں سیاسی قیادت کا اصل امتحان مشکل حالات میں تحمل، تدبر اور مذاکرات کی گنجائش برقرار رکھنا ہوتا ہے، نہ کہ ہر اختلاف کو طاقت کے مظاہرے میں تبدیل کردیا جائے۔سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ جے یو آئی کے لیے اب بھی ضروری ہے کہ وہ دلیل، پارلیمانی جدوجہد، قانونی چارہ جوئی اور سیاسی مکالمے کو اپنی حکمت عملی کا حصہ بنائے۔ بصورت دیگر تحریک انصاف کے سیاسی تجربے سے مماثلت رکھنے والا محاذ آرائی کا راستہ جماعت کے لیے مزید مشکلات پیدا کرسکتا ہے۔

Back to top button